رسائی کے لنکس

پھلوں کے بادشاہ آم سے بنی خاص ڈشز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہمیں تو گرمیوں کا موسم شاید اچھا ہی اس لیے لگتا ہے کہ اس میں آم آتے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور دیگر ممالک میں گرم موسم میں پھلوں کا یہ بادشاہ آپ کو ہر گھر میں نظر آئے گا۔ یہی نہیں بلکہ ریستورانوں اور آئس کریم پارلرز میں بھی آم سے بنی مختلف سوئٹس اور مشروبات کی بہار آجاتی ہے۔

آج ہم آپ کو انہی کھٹے، میٹھے اور رسیلے آموں سے بننے والی چند ایسی ڈشز اور مشروبات کی تراکیب بتاتے ہیں جو آپ نہ صرف بآسانی گھر میں بنا سکتے ہیں بلکہ گرم موسم میں اسے اپنے مہمانوں کو پیش کرکے انہیں خوش بھی کرسکتے ہیں۔

مینگو پڈنگ

موسمِ گرما میں اگر تو آپ اپنے لیے آم کی پڈنگ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو آم، آدھا کپ دہی اور ایک کھانے کا چمچہ چیا کے بیج (تخمِ شربتی) درکار ہوں گے۔ آپ پڈنگ کو تیار کرنے کے بعد اس کو سجانے کے لیے پودینے کے پتے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے فوڈ بلاگ نے اس پڈنگ کی ترکیب شیئر کی ہے جس کے مطابق مینگو پڈنگ بنانے کے لیے سب سے پہلے آپ کو چیا کے بیج کو دہی میں ملانا ہوگا۔ اگر آپ گاڑھی پڈنگ کھانا پسند نہیں کرتے تو آپ اسے پتلا کرنے کے لیے دہی میں پانی بھی ملا سکتے ہیں۔

دہی اور چیا بیج کو ملانے کے بعد آپ اس آمیزے کو کم از کم 45 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس آمیزے کے ٹھنڈا ہونے کے بعد آپ آم کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں اور آمیزے پر اس کی تہہ جما دیں۔

اس کے بعد اسے ایک مرتبہ پھر 15 سے 20 منٹس کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ آم کی ٹھنڈی ٹھنڈی مینگو پڈنگ تیار ہے۔

اس پڈنگ کو سجانے کے لیے بسکٹ کا چورا اور پودینے کے پتے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

فروزن مینگو مارگریٹا

گرم گرم موسم میں ٹھنڈا ٹھنڈا مینگو مارگریٹا بنانے کے آپ کو سب سے پہلے تو اچھے کوالٹی کے آم درکار ہوں گے۔ اس کے علاوہ لیموں ، پودینہ اور سوڈا ڈرنک کی ضرورت ہوگی۔

فوڈ چینل 'فوڈ فیوژن' کی جانب سے تیار کردہ اس فروزن مینگو مارگریٹا کو تین سے چار افراد کو پیش کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ لگ بھگ 400 گرام آموں کو چھوٹے چھوٹے ٹکروں میں کاٹ لیں اور انہیں بلینڈ کرلیں۔ اس کے بعد آپ بلینڈ ہوئے آم کو برف جمانے والی ٹرے میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں اور آٹھ سے دس گھنٹے کے لیے جمنے کو چھوڑ دیں۔

اس کے بعد آپ بلینڈر میں دو چائے کے چمچے لیموں کا جوس لیں اور اس میں حسبِ ضرورت پودینے کے پتے ڈالیں اور اس میں جمے ہوئے آم کی چھ سے آٹھ کیوبس ڈال لیں۔

اس کے ساتھ ہی آپ اس میں تقریباً 500 ملی گرام کوئی سی بھی سوڈا ڈرنک شامل کریں اور اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ ٹھنڈا ٹھنڈا مینگو مارگریٹا تیار ہے۔

مینگو یوگرٹ پافے

موسمِ گرما میں دہی کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے اور اگر دہی اور آم کو ملا کر کچھ تیار کیا جائے تو اس کی تاثیر تو آپ کو ٹھنڈا ٹھار کردے گی۔

بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے فوڈ بلاگ کے مطابق تین سے چار افراد کے لیے مینگو یوگرٹ پافے بنانے کے لیے آپ کو سب سے پہلے ایک عدد کٹا ہوا آم، ڈیڑھ کپ سوکھے پھل اور خشک میوے، ڈیڑھ کم پانی نکلا ہوا کم چکنائی والا دہی، تین کھانے کے چمچے سوئٹنر، آدھا چائے کا چمچہ الائچی پاؤڈر، پانی میں بھگویا ہوا تھوڑا سا زعفران، چار کھانے کے چمچے پانی میں بھیگے ہوئے تلسی کے بیج درکار ہوں گے۔

پافے بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک پیالے میں دہی، سوئٹنر، الائچی پاؤڈر اور زعفران کا پانی شامل کریں اور اسے اچھی طرح ملائیں۔ جب یہ ٹھیک سے حل ہوجائیں تو اسے ایک پائپنگ بیگ میں منتقل کریں اور اس کا کنارہ کاٹ دیں۔

پھر ایک گلاس لیں اور پافے کی تہہ بنانے کے لیے سب سے پہلے گلاس میں خشک میوے اور پھلوں کے ٹکڑے شامل کریں جس کے اوپر پائپنگ بیگ میں موجود دہی کے آمیزے کی تہہ بنا لیں اور اس میں کٹے ہوئے آم بھی شامل کرلیں۔ اس کے بعد آپ اس پر ایک کھانے کا چمچہ تلسی کے بیچ ڈال دیں۔

مینگو اسمودی
مینگو اسمودی

ان چاروں چیزوں کو شامل کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر خشک میوہ جات اور پھل ڈالیں اور دہی کے آمیزے کو شامل کریں، پھر مزید آم ڈال کر اس پر ایک چائے کا چمچہ تلسی کے بیچ ڈال دیں۔ آپ کا مزیدار مینگو یوگرٹ پافے تیار ہے۔

آپ اس کی سجاوٹ کے لیے پودینے کے پتے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

آپ نے آم سے بنی پافےکی ترکیب تو جانی اب آپ کو آم سے ہی بنی اسمودی کے بارے میں بتاتے ہیں۔

مینگو اسمودی

گرمی میں مزیدار مینگو اسمودی کے لیے آپ ایک آم کو کاٹ کر اسے بلینڈ کرلیں اور اس کا پیسٹ بنالیں۔ اس کے بعد اس میں ایک میشڈ کیلا یعنی کیلے کا کچومر ملا لیں اور دونوں کو اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

اس کے بعد اس میں آدھا کپ کوکونٹ ملک شامل کریں، پھر اس میں ایک چائے کا چمچہ شہد شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔

اب اس گاڑھے مکسچر کو ایک پیالے میں نکالیں اور اس کو کٹے ہوئے آم اور کیلے سے سجائیں اور آخر میں چیا، تربوز یا کدو کے بیج چھڑکیں۔ آپ کی اسمودی تیار ہے۔

تو یہ تو تھیں آم سے بنے مزے دار مشروبات اور ڈیزرٹس کی وہ ترکیبیں جو ہم نے آپ کو بتائیں۔ اگر آپ کے پاس بھی پھلوں کے بادشاہ سے بننے والی کسی ڈش یا ڈرنک کی کوئی منفرد ریسیپی ہے، تو کمنٹ سیکشن میں ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم اپنے اگلے فوڈ بلاگ میں وہ ریسیپی آپ کے نام سے شامل کریں گے۔

XS
SM
MD
LG