رسائی کے لنکس

منیشاء : شادی کی مہندی ابھی سوکھی نہیں کہ طلاق کی باتوں نے ماحول سنجیدہ کردیا


منیشاء : شادی کی مہندی ابھی سوکھی نہیں کہ طلاق کی باتوں نے ماحول سنجیدہ کردیا
منیشاء : شادی کی مہندی ابھی سوکھی نہیں کہ طلاق کی باتوں نے ماحول سنجیدہ کردیا

لیجئے صاحب، شادی کی مہندی ابھی سوکھی نہیں کہ طلاق کی باتوں نے ماحول سنجیدہ کردیا۔ جی ہاں! ہم بات کررہے ہیں منیشاء کوئرالہ کی۔ ان کی شادی کو ابھی چند ہفتے ہی گزرے ہوں گے کہ بے پر کی اڑانے والوں نے یہ خبر اڑا دی کہ منیشاء اور ان کے نو بیاہتا نیپالی شوہر کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔ یہ خبر منٹوں سیکنڈوں اتنی دور تک پہنچی کہ منیشاء کو بلاخر ساری مصروفیات چھوڑ کر ان خبروں کی تردید کرنا پڑی۔

منیشاء ان دنوں گوا میں ہیں جہاں انڈین فلم فیسٹول پورے زوروں پر ہے۔ ان کی شادی چار ماہ پہلے نیپالی نوجوان سے ہوئی تھی جو نیپال کے نہایت امیر تاجربرادری میں شمار ہوتے ہیں۔

منیشاء نے گو روانگی کے وقت ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیکی شروف، ڈینی اور گلشن گروور کے ساتھ ایک فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔

بات ہورہی تھی ان کی طلاق سے متعلق خبروں کی ۔دراصل منیشاء چارماہ بعد ہی اپنے والدین کے گھر لوٹ آئی ہیں جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ والدین کے ساتھ رہنا معمول کی بات ہے ، اس کا ہرگز یہ مطلب نہ لیا جائے کہ وہ اپنے شوہر سے الگ ہو گئی ہیں۔

منیشاء کے گھر والوں نے بھی ان کی شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کی والد اور سابق وزیر پرکاش کوئرالہ کا کہنا ہے کہ میڈیا پہلے شادی سے متعلق بے پر کی اڑا رہا تھا اور اب طلاق کے بارے میں افواہیں اڑارہا ہے، جبکہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ کچھ لوگو ں کا کہنا ہے کہ طلاق سے متعلق خبر کی بنیاد خود منیشاء کا فیس بک پر تبصرہ بنا ہے جبکہ ان کے والد کا کہنا ہے جس وقت منیشا نے فیس بک پر اپنے متعلق تبصرہ کیا تھا وہ ناراض تھی مگر اب نہیں۔

سوناکشی نے نئی فلم سائن کرلی، اکشے کمار ہیروہوں گے

فلم" دبنگ" سے انڈسٹری میں قدم رکھنے والی سوناکشی سنہا جلد ہی ایک اور بڑے ستارے کے ساتھ فلمی پردے پر نظرآئیں گی۔ سلمان خان کے بعد اب انہیں اکشے کمار کا ساتھ مل رہا ہے۔ ہدایت کار شریش کندن نے سوناکشی کو اپنی نئی آنے والی فلم جوکر کے لئے سائن کیا ہے ۔ یہ بھارت کی پہلی تھری ڈی فلم ہوگی جس میں رومانس کے ساتھ ساتھ ایکشن بھی ہے۔

فی الحال اکشے اپنی نئی فلم تیس مار خاں کے پروموشن میں مصروف ہیں ۔ کترینہ تیس مارخاں کی ہیروئن ہیں ۔ فلم چوبیس دسمبر کور یلیز ہورہی ہے۔

کے بی سی میں ایک کروڑ روپے جیتنے والی پہلی مسلمان خاتون

آخر کار کون بنے گا کروڑ پتی کے موجودہ سیشن میں ایک مسلم لڑکی راحت تسلیم نے مقابلہ جیت کر ایک کروڑ روپے کا انعام حاصل کرلیا ہے۔ راحت تسلیم کا تعلق بھارت کی ریاست جھارکنڈ سے ہے۔

تسلیم کا تعلق ایک عام مسلم گھرانے سے ہے جس کی لگی بندھی آمدنی ہے۔ وہ سلائی کرکے بمشکل مہینے میں دو سے تین ہزار روپے کماتی ہیں اور اسی سے ان کا گزارا ہوتا ہے۔ راحت کے بارے میں یہ باتیں امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھی ہیں۔ بلاگ میں امیتابھ نے راحت تسلیم کی تعریف بھی کی ہے۔

امیتابھ نے لکھا ہے کہ اپنی کم آمدنی کے سبب راحت آج تک کسی بینک میں کوئی اکاوٴنٹ ہی نہیں کھلواسکی ہیں اور نہ ہی انہوں نے زندگی میں کبھی ایک ساتھ ایک لاکھ روپے دیکھے ہیں۔

لیکن اب وہ ایک لاکھ کی نہیں پورے ایک کروڑ روپے کی مالک بن گئی ہیں اور سوچ رہی ہیں کہ کون کون سے بینک میں اکاوٴنٹ کھولیں۔ تسلیم کے شوہر کوچین میں کام کرتے ہیں مگر ان کی آمدنی بھی نہایت قلیل ہے۔

XS
SM
MD
LG