امریکہ کی میرین کور کا ایک ہیلی کاپٹر طوفانی موسم میں گھر کر حادثے کا شکار ہو گیا اور اس پر سوار تمام پا نچ میرین ہلاک ہو گئے۔
میرین کور نے جمعے کے روز سی ایچ۔ 53 ای سپر اسٹالین ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والے پانچ میرینز کے نام جاری کیے جن کی عمریں 20 اور 30 سال کے درمیان تھیں۔
میرین کور نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران سین ڈی ایگو کے قریب شدید نوعیت کے طوفان میں گھرنے کے بعد پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اسکوارڈن کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل نکولس جے ہیروی نے کہا ہے کہ ہمیں ایک بڑے سانحے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس مشکل گھڑی میں فلائنگ ٹائیگرز کے خاندان مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ان کے دوست اور کمیونٹی کے افراد ان کے ساتھ ہیں۔ ہم دکھ کے ان لمحات کا مل کر سامنا کریں گے۔
ہیلی کاپٹر میں سوار میرین میں سے سب سے کم عمر لانس کارپورل ڈونوین ڈیوس تھے جن کی عمر 21 سال تھی۔ وہ کینساس کے رہنے والے تھے اور نئے سال کے پہلے دن انہیں اس عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
ہیلی کاپٹر کے سب سے بڑی عمر کے میرین کارپورل میگول ناوا تھے۔ ان کی عمر 28 سال تھی اور ان کا تعلق مشی گن سے تھا۔
ڈیوس اور 23 سالہ سارجنٹ ایلس لینگن دونوں کریو چیف تھے۔
ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کیپٹن جیک کیسی کی عمر 26 سال تھی اور ان کا تعلق نیو ہیمپشائر سے تھا جب کہ کیپٹن بینجمن مولٹن کی عمر 27 سال تھی اور وہ اوہائیو کے رہنے والے تھے۔
ہیلی کاپٹر سپر اسٹالن منگل کو رات گئے کریچ ایئر فورس بیس سے روانہ ہوا۔ اس کی منزل میرامار تھی۔ اس سفر کے دوران وہ لاپتہ ہو گیا تھا اور بدھ کی صبح اس کا ملبہ وادی پائن کے پہاڑی علاقے کے قریب دریافت ہوا۔
فوج نے پانچوں اہل کاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی باقیات کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
(اس خبر کا کچھ مواد اے پی سے لیا گیا ہے)
فورم