رسائی کے لنکس

امریکی ہیلی کاپٹروں کو حادثہ، 7 فوجی ہلاک


امریکی ہیلی کاپٹروں کو حادثہ، 7 فوجی ہلاک
امریکی ہیلی کاپٹروں کو حادثہ، 7 فوجی ہلاک

امریکہ کے جنوب مغربی صحرا میں جاری ایک تربیتی مشق کے دوران میں دو ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے سات امریکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکی میرین کور کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کی شب امریکی ریاستوں کیلی فورنیا اور ایریزونا کی سرحدوں پر واقع صحرا میں قائم فوجی تربیتی مرکز میں پیش آیا۔

بیان کے مطابق فوجی مرکز میں رات کے اوقات میں تربیتی مشق کی جارہی تھی جس میں شریک ایک 'کوبرا' ہیلی کاپٹر 'ہوئی' ساختہ ہیلی کاپٹر سے جا ٹکرایا۔

حادثے کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹروں میں سوار تمام سات میرین اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

امریکی میرین کور کے اہلکاروں کی بیشتر فضائی تربیت جنوبی کیلی فورنیا میں واقع اس تربیتی مرکز میں ہوتی ہے جو اپنے دشوار گزار علاقوں اور دیگر خصوصیات کے باعث فوجی تربیت کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔

تاہم، اس علاقے میں ماضی میں بھی فوجیوں کو دورانِ تربیت حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس ستمبر میں بھی سان ڈیاگو شہر کے شمال میں واقع ایک فوجی مرکز کے نزدیک جاری تربیتی مشق کے دوران میں ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اگست میں امریکی فضائیہ کا 'ایف/اے 18' ساختہ لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میں بحرِ الکاہل میں گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم حادثے سے قبل پائلٹ اور معاون پائلٹ جہاز سے کودنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

یخ بستہ پانی میں گرنے والے دونوں اہلکاروں کو کئی گھنٹوں بعد زندہ بچالیا گیا تھا۔ اس حادثے سے ایک ماہ قبل جولائی میں بھی ایک تربیتی مشق میں شریک ایک ہیلی کاپٹر دور دراز علاقے میں گرنے کے نتیجے میں ایک فوجی مارا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG