رسائی کے لنکس

داعش کی دھمکی، امریکی فوجیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت


فائل
فائل

امریکی میرین کور نے اپنے اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں میں احتیاط برتیں۔

مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم 'داعش' کی جانب سے امریکی فوجیوں کے قتل کی دھمکی کے بعد امریکی فوج نے اپنے اہلکاروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی میرین کور کے ترجمان لیفٹننٹ جان کالڈویل نے میرین کور کے اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں میں احتیاط برتیں اور اپنی ذاتی معلومات اور نقل و حرکت کی تفصیلات انٹرنیٹ پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔

امریکی محکمۂ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ 'پینٹاگون' نے اس دھمکی سے قبل بھی ہمیشہ امریکی فوجی اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔

خود کو داعش کا ہیکنگ ڈویژن قرار دینے والے ایک گروپ نے اتوار کو لگ بھگ 100 امریکی فوجیوں کے نام، پتے اور تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کی تھیں اور امریکہ میں موجود اپنے حامیوں سے انہیں قتل کرنے کی اپیل کی تھی۔

گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ امریکی اہلکار شام اور عراق میں امریکی فوجی طیاروں کی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے آپریشن سے منسلک ہیں اور داعش نے ان کی معلومات امریکی حکومت کے سرور اور ڈیٹابیس سے چرائی ہیں۔

اپنے پیغام میں گروپ نے اپنے حامیوں کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ"آپ کو پتے بتا کر ہم نے یہ کام آسان بنا دیا ہے۔ آپ کو صرف حتمی اقدام کرنا ہے۔ اب آپ کس بات کے منتظر ہیں؟"

امریکی محکمۂ دفاع کے ایک عہدیدار نے اخبار "دی نیویارک ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ عسکریت پسندوں نے امریکی حکومت کی کسی ویب سائٹ سے یہ معلومات چرائی ہیں۔ عہدیدار کے بقول ان میں سے زیادہ تر معلومات پہلے ہی آن لائن دستیاب ہیں۔

'پینٹاگون' نے کہا ہے کہ داعش کی جانب سے ملنے والی مبینہ دھمکی کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG