رسائی کے لنکس

بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 125 رنز سے ہرا دیا


ورلڈ کپ 2019 کے چونتیسویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 125 رنز سے ہرا دیا۔ بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 269 رنز کا ہدف دیا تھا، مگر وہ 35 ویں اوور میں ہی 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جیت کے ساتھ ہی بھارت ایک مرتبہ پھر ناقابل شکست رہا۔

ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ہدف کے حصول میں بری طرح ناکام رہے، حتیٰ کہ سب سے بڑا اسکور 31 رنز رہا۔ ویسٹ انڈین بیٹسمین ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے چلے گئے ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرس گیل اور امبریس نے کیا۔ لیکن کرس گیل دس بالوں کے دوران ہی 6 پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ محمد شامی نے لی۔

دوسری وکٹ امبریس کی گری۔ انہیں ہاردک پانڈیا نے 31 بالز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

تیسری وکٹ کے لئے بھارت کو کچھ دیر انتظار کرنا پڑا، کیوں کہ پہلی وکٹ 10رنز اور دوسری وکٹ 16رنز پر گری تھی، جبکہ ہوپ کی وکٹ 71 رنز پر گری۔ ان کا اپنا اسکور صرف پانچ رنز تھا۔

امید تھی کہ ویسٹ انڈیز کی لڑکھڑاتی ہوئی بیٹنگ لائن جلد سنبھل جائے گی لیکن ابھی تک ایسا نہیں ہوا تھا۔ نکولس پورن 28 رنز پر کھیل رہے تھے کہ کلدیب یادیو ان کی وکٹ لے اڑے۔

ان کے بعد جیسن ہولڈر آئے جبکہ شمرون ہیٹمیئر پہلے سے کریز پر موجود تھے۔ جیسن بھی کوئی کمال نہ کرسکے اور 6 رنز پر چہل کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

کارلوس بریتھ ویٹ کو صرف ایک رن بنانے کا موقع مل سکا انہیں جسپریت بمراہ نے الٹے پاؤں پویلین لوٹا دیا، جبکہ جسپریت بمراہ نے ہی الین کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

اب کریز پر شمرون ہیٹمیئر اور روچ بیٹنگ کررہے تھے لیکن تبھی شمرون ہیٹمیئر 18 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ کوٹریل بیٹنگ کرنے آئے لیکن انہیں 10 رنز پر یوزویندر چہل نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی اوتھومس تھے جنہیں محمد شامی نے 6 رنز پر آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 269 رنز کا ہدف : بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 268 رنز بنائے۔

بھارت کی طرف سے ویراٹ کوہلی 72، ایم ایس دھونی 56، راہول 48 اور ہاردک پانڈیا 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت نے مجموعی طور پر 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 268 رنز بنائے جس میں ایم ایس دھونی کے 55 اور کلدیپ کا کوئی رن شامل نہیں تھا۔ ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لئے 269 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا۔

بھارت کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا، دونوں بیٹسمین تیزی سے اسکور کو آگے بڑھاتے نظر آئے یہاں تک کہ ابتدائی 6 اوورز میں ہی اسکور بغیر کسی نقصان کے 29 رنز ہوگیا۔ اس وقت راہول 10 اور روہت 18 رنز پر کھیل رہے تھے۔

تاہم، اسی اوور میں روچ نے روہت کو شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ وہ 18 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ کے لئے ویسٹ انڈیز کو 98 رنز تک انتظار کرنا پڑا۔ کے ایل راہول 48 رنز پر کھیل رہے تھے کہ جیسن ہولڈر نے انہیں کلین بولڈ کردیا۔ ان کی جگہ وجے شنکر بیٹنگ کرنے آئے۔

22 ویں اوور میں بھارت کا اسکور 100 رنز ہو گیا۔ لیکن، وجے شنکر اس میں کوئی اہم کردار ادا نہ کر پائے۔ انہیں 14 رنز پر روچ نے ہوپ کے ہاتھوں کیچ کرایا جبکہ دوسری جانب ویراٹ 55 بالوں پر نصف سنچری کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ کیدر جادیو دے رہے تھے۔

روچ اور ہوپ نے ہی جادیو کی وکٹ لی جبکہ وہ اب تک چار میں سے تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔ جادیو کو بھی روچ نے 7 رنز پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ان کی جگہ ایم ایس دھونی بیٹنگ کرنے آئے۔

پانچویں اور سب سے مہنگی وکٹ ویراٹ کوہلی کی گری۔ انہیں 72 رنز پر ہولڈر نے آؤٹ کیا۔ ان کی جگہ نئے آنے والے بیٹسمین ہاردک پانڈیا تھے۔

پانڈیا کوٹریل کی بال پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی جگہ محمد شامی آئے لیکن وہ اسکور میں ایک بھی رن کا اضافہ نہ کرسکے۔ ان کی جگہ گلدیپ آئے جو آخر تک کوئی رنز نہیں بنا سکے۔

ٹیم پوزیشن : ویسٹ انڈیز نے اب تک اس ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف ایک ہی میچ میں اسے کامیابی ملی ہے۔ یہ میچ اس نے پاکستان کے خلاف جیتا تھا۔

ادھر بھارت ابھی تک ناقابل شکست ہے۔ اس نے 5 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

آج کا میچ جیتنے کی صورت میں بھارت سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لے گا، اس لئے یہ میچ اس کے لئے بہت اہم ہے۔

ویسٹ انڈین ٹیم: کرس گیل، سنیل امبریس، شائی ہوپ، نکولس پورن، جیسن ہولڈر، شمرون ہیٹمیئر، کارلوس بریتھ ویٹ، فبیان الین، کیمر روچ، شیلڈن کوٹریل اور اوشان تھومس۔

بھارتی ٹیم: روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، وجے شنکر، ایم ایس دھونی، ہاردک پانڈیا، کیدر جادیو، کلدیپ یادو، یوزوندرا چہل، محمد شامی اور جسپریت بمراہ۔

XS
SM
MD
LG