رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 9 وکٹس سے ہرا دیا


جنوبی افریقہ کی کوششیں رنگ لائیں اور وہ سری لنکا سے 9 وکٹ سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ بھی درست ثابت ہوا۔ سری لنکا نے اپنی اننگز میں پہلے بیٹنگ کی پیشکش پر49 اعشاریہ 3 بالوں پر 203 رنز بنائے ۔

جواب میں میچ جیتنے کے لئے جنوبی افریقہ کو 204 کا ہدف حاصل کرنا تھا جو اس نے 38 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بناکر آسانی سے حاصل کرلیا۔

فاف اور ہاشم آملہ آج کے میچ کے ہیرو رہے جنہوں نے بالترتیب 96 اور 80 رنز بنائے۔

دونوں نے اپنے بعد کسی بھی کھلاڑی کو کریز پر آنے کا موقع نہیں دیا جبکہ سب سے پہلے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک تھے جنہوں نے 15 رنز بنائے۔

میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

جنوبی افریقہ کی اننگز: کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن آج وہ زیادہ رنز نہ بناسکے۔ سری لنکن بالر ملینگا نے ٹیم کے مجموعی اسکور 31 رنز پر ہی اوپننگ بلے بازوں کی جوڑی توڑ دی۔

کوئنٹن ڈی کوک ابھی صرف 15 ہی رنز بناسکے تھے کہ انہیں ملینگا نے کلین بولڈ کردیا۔

ڈی کوک کی کمی پوری کرنے کے لئے کپتان فاف ڈوپلیسی آئے ۔ اس دوران عاشم آملہ کا اسکور 50 رنز کے قریب پہنچ گیا جبکہ ٹیم کا مجموعی اسکور بھی 100 کا ہندسہ عبور کر گیا تھا۔

عاشم آملہ کی نصف سنچری کے بعد 28 ویں اوور میں فاف بھی 50 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ دونوں بیٹسمین نے کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اطمینان سے اسکور کو آگے بڑھنے دیا یہاں تک کہ 32 اوورز میں اسکور 169 رنز سے بھی زیادہ ہوگیا۔

جنوبی افریقہ کے لیے 204 رنز کا ہدف: ورلڈ کپ 2019 کے پنتیسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم مقررہ اوورز سے تین بال پہلے ہی 203 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

چیسٹر لی اسٹریٹ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ کو جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کو نسبتاً آسان ہدف ملا ہے۔ سری لنکا کا اسکور کم رہنے کی وجہ یہ ہے کہ اس کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہیں کھیل سکا۔ صرف دو کھلاڑی 30،30 رنز اسکور کر سکے، جب کہ باقی پلیئرز تھوڑے تھوڑے رنز پر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے اور کشال پریرا نے اننگز کا آغاز کیا مگر ڈیموتھ کرونا رتنے میچ کی پہلی ہی بال پر کیچ ہو گئے۔ ان کی جگہ فرنینڈو نے لی۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ گرنے میں بھی زیادہ وقت نہیں لگا۔ فرنینڈو جو 30 رنز پر کھیل رہے تھے، انہیں ڈیوائن پریٹورئیس نے ٹیم کے مجموعی اسکور 67 رنز پر فاف ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

ڈیموتھ کرونا رتنے اور فرنینڈو کے بعد آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کشال پریرا تھے، جنہوں نے 30 رنز بنائے۔ انہیں پریٹورئیس نے کلین بولڈ کر دیا۔

چوتھی وکٹ انجیلو میتھیوز کی گری۔ انہیں کرس مورس نے 11 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

ان کے کچھ ہی دیر بعد کشال مینڈس 23 رنز بنا کر پریٹورئیس کی بالنگ کا شکار بن گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 111 رنز تھا۔ ان کی جگہ جیون مینڈس نے لی۔

چھٹی وکٹ ڈی سلوا کی گری۔ وہ 24 رنز ہی بنا سکے۔ انہیں جے پی ڈومنی نے بولڈ کیا۔

40 واں اوور جاری تھا کہ جیون مینڈس 18 رنز بنا کر موریس کی بال پر آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد یودانا بیٹنگ کرنے آئے۔ اسی دوران تھیسارا بریرا 21 رنز بنا کر اینڈائل فلکوایو کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔

جب سری لنکا کی آٹھویں وکٹ گری تو اس وقت مجموعی سکور 192 رنز تھا۔

اس دوران ایسورو یودانا سست روی کے ساتھ احتیاط سے اسکور کو آگے بڑھا رہے تھے کہ ایک اونچا اور غلط شارٹ کھیلتے ہوئے 17رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

آخری بیٹسمین ملینگا بیٹنگ تھے۔ وہ لکمل کا ساتھ دینے کے لیے وکٹ پر آئے،جو اس وقت تین رنز بنا چکے تھے۔

سری لنکا اب تک 6 میچز کھیل چکا ہے جس میں 2 میں اسے کامیابی اور 2 میں ناکامی ہوئی جب کہ 2 میچز بارش کی نذر ہوئے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ جب کہ ایونٹ میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے اس کے پاس کسی غلطی کی گنجائش نہیں۔ آج کا میچ ہارنے کی صورت میں سری لنکا ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتا ہے۔

اس وقت تک دس میں سے تین ٹیمیں یعنی افغانستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں، جب کہ سیمی فائنل کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم کو اپنے تینوں میچز جیتنے ہوں گے۔

آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے، جب کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں گیارہ گیارہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے مزید ایک ایک میچ میں کامیابی ضروری ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم
کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملا، ایڈن مرکرام، فاف ڈوپلیسی، ہی وینڈر ڈوسن، جے پی ڈومنی، اینڈائل فلکوایو، ڈیوائن پریٹورئیس، کرس موریس، کاگیسو ربادا، عمران طاہر۔

سری لنکن اسکواڈ
ڈیموتھ کرونارتنے، کشال پریرا، اوشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، انجیلو میتھیوز، جیون مینڈس، دھنن جے ڈی سلوا، تھسارا پریرا، ایسورو یودانا، سرنگا لکمل اور لیستھ ملنگا۔

XS
SM
MD
LG