رسائی کے لنکس

کم جونگ اُن کے علاج کے لیے ’غیر ملکی ٹیم کا دورہ': ذرائع


کم جونگ اُن
کم جونگ اُن

ذرائع کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم آخری مرتبہ منظر عام پر اس وقت نظر آئے جب انھوں نے تین ستمبر کو ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر ایک غیر ملکی طبی ٹیم نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا طبی معائنہ کرنے کے لیے یہاں کا دورہ کیا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ بظاہر کِم ایک ٹانگ سے لنگڑا کر چلے آ رہے ہیں اور سیول اس طبی ٹیم کے بارے میں معلومات جمع کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس نے ان کے علاج کے لیے یہاں کا دورہ کیا۔

شمالی کوریا کے رہنما جمعرات کو ملک کی سپریم پیپلز اسمبلی کے تیرہویں اجلاس کے دوسرے دور میں کہیں بھی دکھائی نہیں دیئے جس سے ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی پیانگ یانگ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی خبر تو دی لیکن اس میں شرکت کرنے والوں میں کم جونگ اُن کا نام نہیں لیا۔

جنوبی کوریا کے سرکاری عہدیدار کو اس بارے میں کوئی مصدقہ معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں کہ 31 سالہ کِم کی ٹانگ زخمی ہے یا ٹخنہ۔ انھوں نے ان اطلاعات کی بھی تصدیق نہیں کی کہ کِم کے ٹخنے کا کوئی آپریشن ہوا۔

ذرائع کے مطابق کِم آخری مرتبہ منظر عام پر اس وقت نظر آئے جب انھوں نے تین ستمبر کو ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔

جنوبی کوریا کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ کِم نے سپریم پیپلز اسمبلی کے دوسرے اجلاس کو اتنا اہم نہ گردانا ہو کیونکہ شمالی کوریا کی سیاسی صورتحال قدرے مستحکم ہی چلی آ رہی ہے۔

2012ء میں شمالی کوریا کا سب سے بڑا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کِم نے سپریم پیپلز اسمبلی کے تمام چار اجلاسوں میں شرکت کی تھی۔

وہ گزشتہ دو ماہ میں ہونے والی سرکاری تقریبات میں لنگڑا کر چلتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG