رسائی کے لنکس

logo-print

مہوش حیات کا آئٹم سانگ سوشل میڈیا پر چھا گیا


’نامعلوم افراد‘ کے فلم میکرز نے ہائپ بڑھانے کے لئے گانے کا نام تو ابھی تک صیغہ راز میں رکھا ہوا ہے، لیکن میوزک کمپوزرز کا نام ضرور سامنے آگیا ہے

ایکٹر اور ماڈل مہوش حیات صرف ایکٹنگ ہی بہترین نہیں کرتیں، بلکہ وہ ڈانسر بھی بہت اچھی ہیں۔۔ اور اس کا ثبوت وہ مختلف ٹی وی شوز میں اپنی دھماکے دار پرفارمنس سے دے چکی ہیں۔

اور اب تو انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’نامعلوم افراد‘ کے لئے آئٹم سانگ ریکارڈ کرا کے بھی ’دھمال‘ ڈال دیا ہے۔ گھاگھرا چولی میں ملبوس مہوش کے ڈانس اسٹیپس سے سجے آئٹم سانگ کی تین سکینڈ کی جھلک سوشل میڈیا پر ریلیز کے بعد جنگل کی آگ کی طرح سب طرف پھیل گئی ہے۔

’نامعلوم افراد‘ کے فلم میکرز نے ہائپ بڑھانے کے لئے گانے کا نام تو ابھی تک صیغہ راز میں رکھا ہوا ہے، لیکن میوزک کمپوزرز کا نام ضرور سامنے آگیا ہے۔ آئٹم سانگ کا میوزک دیا ہے شانی اور کامی نے۔

اب جبکہ مہوش کے ڈانسنگ ٹیلنٹ کی سب واہ واہ کر رہے ہیں تو خود مہوش کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن ہی سے ڈانس کا شوق تھا اور وہ خوب ڈانس کی پریکٹس کرتی رہتی تھیں۔ مہوش کے بقول ’میں نے مائیکل جیکسن اور جنیفر لوپز کی بہت سی ویڈیوز باربار دیکھ کر ڈانس مووز سیکھیں۔ مجھے ڈانس سے محبت ہے اور میں ڈانس کے شعبے میں کچھ کر دکھانا چاہتی ہوں۔‘

مہوش کا یہ بھی کہنا ہے کہ’چکنی چنبیلی‘ ان کا فیورٹ آئٹم سانگ ہے۔

’نامعلوم افراد‘ کے اس آئٹم سانگ کو لاہور کے کوریوگرافر نگاہ حسین نے ڈائرکٹ کیا ہے۔

مہوش کی ڈانس سے محبت اور کام سے لگن کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب انہوں نے سانگ کی شوٹنگ مکمل کی تو ان کے پاوٴں زخمی ہوکر سوجھ گئے تھے۔ وہ کئی دن تک چلنے پھرنے سے بھی قاصر رہیں۔

فلم اور ٹی وی میں سے کون سا میڈیم زیادہ اچھا لگتا ہے، اس سوال کے جواب میں مہوش نے ’ڈان‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’فلم کرنا انہیں زیادہ پسند ہے۔۔ فلم میں کام کرنا ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے۔ ’نامعلوم افراد‘ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی بہت ٹیلنڈڈ ہیں اور مجھے فلم کا حصہ بننے پر فخر ہے۔‘

مہوش غیرملکی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کوئی اچھی فلم ملی تو آفر قبول کرنے میں دیر نہیں لگائیں گی۔

XS
SM
MD
LG