رسائی کے لنکس

فٹ بال: میسی کا 'بارسلونا' کے ساتھ نیا معاہدہ


لیونل میسی نے اسپین کے کلب 'بارسلونا' کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا ہے جس کےتحت وہ سال 2018ء تک کلب کے ساتھ منسلک رہیں گے۔

سال کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز پانے والے عالمی شہرتِ یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے اسپین کے کلب 'بارسلونا' کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا ہے جس کےتحت وہ سال 2018ء تک کلب کے ساتھ منسلک رہیں گے۔

ہسپانوی کلب کے حکام کے مطابق 25 سالہ میسی نے گزشتہ سال دسمبر میں طے پانے والے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت ان کے کلب سے منسلک رہنے کی مدت میں مزید دو برس کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے معاہدے کے بعد میسی 31 برس کی عمر کو پہنچنے تک 'بارسلونا' کی جانب سے کلب فٹ بال کھیلتے رہیں گے۔

ارجنٹینا کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان میسی نے 13 سال کی عمر میں 'بارسلونا' کی 'یوتھ اکیڈمی' میں شمولیت اختیار کی تھی جب کہ انہوں نے کلب کی جانب سے اپنا پہلا میچ 16 برس کی عمر میں کھیلا تھا۔

میسی 'بارسلونا' کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں جب کہ وہ گزشتہ مسلسل چار برسوں سے 'چیمپئنز لیگ' کے بھی 'ٹاپ اسکورر' چلے آرہے ہیں۔

سال 2012 کے دوران میں لیونل میسی نے اپنے کلب اور قومی ٹیم کے لیے 91 گول کرکے ایک سال میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG