رسائی کے لنکس

کیا 21 دسمبر کو قیامت آئے گی!


قیامت سے بچنے کے لیے فرانسیسی ایک جنوبی مشرقی محفوظ قصبے میں اکٹھے ہورہے ہیں۔
قیامت سے بچنے کے لیے فرانسیسی ایک جنوبی مشرقی محفوظ قصبے میں اکٹھے ہورہے ہیں۔

مایا فرقے کے بہت سے لوگوں کا عقیدہ ہے کہ ان کا کلینڈر ختم ہونے کے ساتھ ہی دنیا بھی ختم ہوجائے گی۔

قدیم مذہب مایا کے بہت سے پیروکاروں اور کئی دوسرے لوگوں کا خیال ہے کہ 21 دسمبر کو دنیا ختم ہوجائے گی۔ یورپ میں کئی لوگ قیامت سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب سفر کررہے ہیں۔

قیامت کی پہ پیش گوئی پہلی نہیں ہے، اس سے قبل بھی اکثر و پیشتر قیامت کی ناکام پیش گوئیاں کی جاچکی ہیں۔

قیامت کے تازہ خطرے کا سلسلہ مایا مذہب کے کلینڈر سے جڑا ہوا ہے۔ جس کے زیادہ تر ماننے والے میکسیکو میں آباد ہیں۔

دنیا بھر سے ہزاروں سیاح میکسیکو کے جزیرہ نما یوکاٹن کے قدیم تاریخی شہروں ٹولوم اور کوبا پہنچ رہے ہیں جہاں قبل از مسیح کے ایک قدیم مذہب مایا کی تقریبات ایک ایسے وقت میں ہورہی ہیں جب ان کا کلینڈر 21 دسمبر کو ختم ہوجائے گا۔

دوسری جانب بہت سے فرانسیسی موبائل گھروں اور دوسرے ضروری سازو سامان کے ساتھ ملک کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ایک قصبے بیگارک میں جمع ہو رہے ہیں، جن کا خیال ہے کہ مایا کلینڈر کے خاتمے کے ساتھ ہی دنیا میں قیامت آجائے گی لیکن یہ قصبہ اس کے اثرات سے محفوظ رہے گا۔

مایا فرقے کے اکثر لوگوں کا عقیدہ ہے کہ ان کا کلینڈر ختم ہونے کے ساتھ ہی دنیا بھی ختم ہوجائے گی۔ لیکن ناسا کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہماری زمین اور نظام شمسی میں مزید چار ارب سال تک زندہ رہنے کی صلاحیت موجود ہے۔

مایا کلینڈر کا آغاز 5125 سال قبل ہواتھا جو 21 دسمبر 2012 کو ختم ہوجائے گا۔

کئی کتابوں اور فلموں میں مایا کلینڈر کا حوالہ دہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے اختتام کا مطلب دنیا کا خاتمہ ہے جو کسی بڑے سیارے کے زمین سے ٹکرانے یا کسی دوسری صورت میں ہوسکتا ہے، جب کہ سائنس دانوں کا کہناہے کہ مستقبل قریب میں ایسے کسی حادثے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مایا عقیدے کے کئی مذہبی راہنماؤں نے اپنے کلینڈر کے خاتمے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے مذہبی کلینڈر کے اختتام سے دنیا ختم نہیں ہوگی، بلکہ ایک نیا دور شروع ہوگا اور انہوں نے کہا کہ امکانی طورپر نیا دور اپنے ساتھ محبت اور امن لے کر آئے گا۔
XS
SM
MD
LG