رسائی کے لنکس

دو ہزار سے زائد میکسیکن منشیات فروش گرفتار


امریکہ کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کا کہنا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث میکسیکو کے شہریوں کے خلاف 22 مہینوں سے جاری ایک مہم کے نتیجے میں ملک بھر سے دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ اِس سلسلے میں صرف بدھ کے روز امریکہ کی 16 ریاستوں سے 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ امریکی اٹارنی جنرل کے بقول ملک میں منشیات کی سمگلنگ میں ملوث میکسیکو کے نیٹ ورکس کے خلاف اس قدر وسیع پیمانے پر اور کامیاب آپریشنزپہلے کبھی نہیں کیے گئے ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ اِس تحقیقاتی مہم کے دوران حکام نے 15 کروڑ ڈالر ، بڑی تعداد میں اسلحہ اور کئی ٹن منشیات بھی قبضے میں لی ہیں۔

دریں اثناء اٹارنی جنرل ہولڈر نے اس ہفتے سرحدی نگرانی پر مامور محافظوں کی فائرنگ سے میکسیکو کے ایک نوجوان شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس اور میکسیکو کے درمیان سرحد پر پیش آیا اور میکسیکن صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ اس قتل اور پچھلے مہینے میکسیکو کے ایک اور شہری کی ریاست کیلی فورنیا میں حراست کے دوران ہلاکت کی مفصل تفتیش کرے۔

XS
SM
MD
LG