رسائی کے لنکس

میکسیکو: اجتماعی قبروں سے 129 لاشوں کی باقیات برآمد


پورے میکسیکو میں 20,000 سے زائد افراد لاپتا ہیں، جن میں سے کئی گوریرومیں لاپتا ہوئے، جو افیون پیدا کرنے والی ایک اہم ریاست ہے اور جہاں کئی منشیات فروش گروہ علاقے اور سمگلنگ کے راستوں پر لڑائی میں مصروف رہتے ہیں۔

میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی ریاست گوریرو میں کالج کے لاپتا طلبا کی تلاش کے دوران گزشتہ چند ماہ میں کم از کم 60 خفیہ قبریں اور 129 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

برآمد ہونے والی باقیات میں سے کسی کا تعلق ان نوجوانوں سے نہیں بتایا گیا، جو گزشتہ برس 26 ستمبر کو اگوالا شہر سے لاپتا ہو گئے تھے، اور حکام کے مطابق نہ ایسا ہونے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان طلبا کو ایک منشیات سمگل کرنے والے گینگ کے حوالے کر دیا گیا تھا جس نے انہیں مار کر ان کی لاشوں کو جلا دیا۔ تحقیقات کے مطابق اگوالا میں چھ اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 120,000 مکینوں پر مشتمل یہ شہر میکسیکو سٹی کے جنوب میں 200 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے۔

اس کیس نے گوریرو اور میکسیکو کی دیگر ریاستوں میں جہاں منشیات سے متعلق تشدد عام ہے، بڑی تعداد یں لاپتا ہونے والے افراد کی طرف توجہ مبذول کروائی ہے۔

اکتوبر سے مئی تک ملنے والی قبروں میں لاشوں کی تعداد اٹارنی جنرل کے دفتر کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں دیے گئے اعدادوشمار سے زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ انہوں نے صرف ان اجتماعی قبروں سے ملنے والی لاشوں کے بارے میں بتایا ہے جنہیں سرکاری اہلکاروں نے ڈھونڈا تھا۔

پورے میکسیکو میں 20,000 سے زائد افراد لاپتا ہیں، جن میں سے کئی گوریرومیں لاپتا ہوئے، جو افیون پیدا کرنے والی ایک اہم ریاست ہے اور جہاں کئی منشیات فروش گروہ علاقے اور سمگلنگ کے راستوں پر لڑائی میں مصروف رہتے ہیں۔

حکومت نے کہا ہے کہ اس بات کے کوئی شواہد نہیں کہ 43 طلبا منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث تھے اور انہیں غلطی سے مخالف گروہ کے ارکان سمجھ لیا گیا۔

بہت سے افراد لاپتا طلبا کے متعلق حکومت کے مؤقف پر سوال اٹھا رہے ہیں، جن میں ان کے والدین اور نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن شامل ہیں، جس نے گزشتہ ہفتے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں لاپتا نوجوانوں کے بارے میں تحقیقات میں کم از کم 30 کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ان میں سے کچھ بہت ہی بنیادی تفتیشی ضابطے تھے جن پر عمل نہیں کیا گیا۔

اتوار کو لاپتا نوجوانوں کے والدین کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے اس کیس میں انصاف کے مطالبے کے لیے میکسیکو سٹی میں مارچ کیا۔ اس واقعے کے بعد ہر ماہ 26 تاریخ کو مظاہرے کیے جاتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG