رسائی کے لنکس

امریکی خاتونِ اول کا بوٹسوانا میں ایڈز کلینک کا دورہ


امریکی خاتونِ اول کا بوٹسوانا میں ایڈز کلینک کا دورہ
امریکی خاتونِ اول کا بوٹسوانا میں ایڈز کلینک کا دورہ

امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما اپنے دورہ افریقہ کے دوسرے مرحلے میں بوٹسوانا پہنچ گئی ہیں جہاں انہوں نے اپنے دورے کے پہلے روز ایڈز کے مریضوں کیلیے تعمیر کیے جانے والے ایک طبی مرکز کا دورہ کیا۔

مسز اوباما اور دورے پر ان کے ہمراہ آنے والے ان کے اہلِ خانہ نے دارالحکومت گیبورون میں واقع 'بوٹسوانا – بیلر ایڈولیسینٹ سینٹر آف ایکسی لینس' نامی کلینک کی دیواروں پر رنگ و روغن بھی کیا۔

مذکورہ سینٹر کی تعمیر کا مقصد ایچ آئی وی/ ایڈز سے متاثرہ بچوں اور نوجوانوں کو علاج اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

بعد ازاں امریکی خاتونِ اول نے رہنما خواتین کی ایک کانفرنس میں شرکت کی جہاں اپنے خطاب میں انہوں نے ایک بار پھر نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں مسز اوباما کا کہنا تھا کہ وہ ایک متوسط ماضی کی حامل ہیں تاہم ان کے بقول کالج میں پہنچنے کے بعد انہیں اس بات کا احساس ہوا کہ ان کی کامیابی کا دارومدار ان کے پسِ منظر کے بجائے اس بات پر ہے کہ وہ خود پر کتنا یقین رکھتی ہیں اور کس حد تک جدوجہد کرنے پر آمادہ ہیں۔

امریکی خاتونِ اول نے جمعہ کے روز بوٹسوانا کے صدر ایان خاما سے بھی ملاقات کی۔ وہ اپنے دورے کے دوران اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ایک 'گیم ریزرو' کا بھی دورہ کرینگی۔

بوٹسوانا امریکی خاتونِ اول کے دو ملکی دورہ افریقہ کا دوسرا پڑائو ہے۔ مشیل اوباما کے اس دورے کا مقصد افریقی نوجوانوں میں قیادت، صحت اور تعلیم سے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔ بوٹسوانا آمد سے قبل امریکی خاتونِ اول نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG