رسائی کے لنکس

سلیمانی کی ہلاکت، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، چین


کمانڈر قاسم سلیمانی (فائل)
کمانڈر قاسم سلیمانی (فائل)

چین نے ایران کے اعلیٰ کمانڈر قاسم سلیمانی کی عراق میں امریکی فضائی کارروائی میں ہلاکت کے بعد تمام فریقین،خصوصا امریکہ کو صبر و تحمل سے کام لینے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھانے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے جمعے کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ چین مشرق وسطیٰ پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کے خلاف ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں کہا کہ تمام فریقین اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ عراق کی آزادی اور علاقائی سالمیت کے احترام کو ملحوظ رکھا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کو بھی برقرار رکھا جائے۔

چین نے متعلقہ فریقوں، خاص طور پر امریکہ سے صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔

دریں اثنا، امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور سے متعلق کمیشن کے اعلیٰ عہدیدار، ینگ تیا چے سے فون پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق، امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے متعلق امریکی مؤقف سے چین کے اعلیٰ عہدیدار کو آگاہ کیا ہے۔

چین کے خارجہ امور سے متعلق کمیشن کے دفتر کے سربراہ ینگ تیا چے نے امریکی وزیر خارجہ سے فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران کہا ہے کہ چین کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے۔

چینی عہدیدار نے اس موقع پر کہا کہ چین ہمیشہ اس بات کے حق میں رہا ہے کہ اختلافات کو بات چیت اور مشاورت سے حل ہونا چاہیے۔ انہون نے کہا کہ چین بین الاقوامی معاملات میں طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG