رسائی کے لنکس

لیبیا: اٹلی جانے کی کوشش میں سیکڑوں تارکین وطن کو پکڑ لیا گیا


پکڑے گئے تارکین وطن لیبیا کے ایک بحری اڈے پر
پکڑے گئے تارکین وطن لیبیا کے ایک بحری اڈے پر

لیبیا کے ساحلی محافظوں اور ایک بین الاقوای فلاحی ادارے نے سیکڑوں کی تعداد میں ان تارکین وطن کو پکڑ لیا ہے جنہیں اسمگلر اپنی کشتیوں میں اٹلی کی طرف لے جا رہے تھے۔

لیبیا کے کوسٹ گارڈ کی کشتیوں نے تارکین وطن کی تین کشتیوں کو روک لیا جس میں ایک ربر کی کشتی بھی تھی جس پر 125 افراد سوار تھے۔ یہ بات لیبیا کے کوسٹ گارڈ کے ترجمان ایوب قاسم نے بتائی جن کا کہنا ہے کہ اس کشتی کو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں زوایہ کے ساحل کے قریب روکا گیا۔

دوسری کشتی کو طرابلس کے مشرق میں واقع قراہ بللی کے ساحل کے قریب سے واپس کر دیا گیا جس پر 112 افراد سوار تھے جبکہ تیسری کشتی کو جس پر 98 تارکین وطن سوار تھے تیونس کی سرحد کے قریب واقع ابو کماش کے ساحل کے قریب روک لیا گیا۔

بتایا گیا کہ ایک چوتھی کشتی جس پر ایک سو سے زائد افراد سوار تھے اس امدادی بحری جہاز کے قریب پہنچ گئی جو طرابلس کے مغرب میں واقع ساحل سے 21 میل دوران تارکین وطن کو اٹلی لے جا رہا تھا۔ ان افراد کو ڈوبنے سے بچایا گیا تھا۔ ان میں نصف سے زائد کا تعلق نائیجیریا جبکہ باقی کا زیریں صحارا کے افریقی ملکوں سے تھا۔

یورپ جانے والے تارکین وطن زیادہ تر لیبیا کا راستہ اختیار کرتے ہیں اور گزشتہ چار سالوں کے دوران چھ لاکھ سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم کو پار کرکے اٹلی پہنچے جب کہ ہزاروں تارکین وطن کو اس کوشش میں اپنی جان سے بھی ہاتھ دھونے پڑے۔

XS
SM
MD
LG