رسائی کے لنکس

دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد، مائیک پومپیو


مائیک پومپیو، فائل فوٹو
مائیک پومپیو، فائل فوٹو

امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں امریکہ اور دنیا بھر میں آباد مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

انہو ں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی رحم دلی، فیاضی اور قربانی کا موقع ہے جس کا مظاہرہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نےخدا سے اپنے وعدے میں کیا۔

عید کا دن حج کے اختتام پر آتا ہے۔ مکہ میں ہونے والے اس سالانہ اجتماع میں دنیا کے کونے کونے سے لاکھوں مسلمان شریک ہوتے ہیں۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہمیں احساس ہے کہ بہت سے متوقع حجاج اکرام کو اس سال حج کی سعادت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے بہت مایوسی ہوئی اور ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ انہیں مستقبل قریب میں حج کرنے کا موقع ملے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کے باعث بہت سے دوسرے عقائد کی کمیونیٹیز کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی طرح اس سال عیدالاضحی بھی غیر معمولی نوعیت کی ہو گی۔ ہم عالمی وبا کے پھیلاؤ اور اس کی شدت کو روکنےکے لیے سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی ضرورت کا خیال رکھنے پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ لوگوں کے بنیادی حقوق کی، جن میں مذہبی آزادی کا حق بھی شامل ہے، حمایت جاری رکھے گا اور ہم تمام ملکوں پر زور دیں گے کہ وہ ان عالمی حقوق کا احترام کریں اور انہیں قائم رکھیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ میں امریکہ کے محکمہ خارجہ کی طرف سے آپ کے لیے خوشی بھری عید کا خواہش مند ہوں۔

XS
SM
MD
LG