رسائی کے لنکس

اورکزئی ایجنسی: جھڑپ میں دو فوجی، پانچ ’دہشت گرد ہلاک‘


پاکستان فوج کے مطابق مارے جانے والے شدت پسندوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔

پاکستانی فوج نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک اہم کمانڈر سمیت پانچ ’’دہشت گردوں‘‘ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جب کہ لڑائی میں فوج کا ایک میجر اور ایک سپاہی بھی مارا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بدھ کی صبح قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں میرک اور کلایا میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

اس کارروائی کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور اس میں ہونے والے جانی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی کیوں کہ جس علاقے میں یہ جھڑپیں ہوئیں وہاں تک میڈیا کی رسائی نہیں ہے۔

اُدھر یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی مرکزی پریڈ کے انعقاد سے قبل وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

جس مقام پر اس پریڈ کا انعقاد کیا جانا ہے اس کے اردگرد کے علاقے میں معمول کی ٹریفک بدھ کی شب دیر گئے سے بند کر دی جائے گی جب کہ جمعرات کی صبح جزوی طور پر موبائل فون سروس کی سہولت بھی معطل رہے گی۔

پاکستان ڈے پریڈ کے موقع پر فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بیان میں ملک کو ’فسادیوں‘ سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

فروری کے وسط میں ہونے والے دہشت گردی کے مختلف واقعات کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ایک نئے آپریشن ’ردالفساد‘ کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت پاکستان بھر میں مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG