رسائی کے لنکس

باجوڑ: چوکی پر سرحد پار سے جنگجووں کا حملہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جوابی کارروائی کرتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا جب کہ کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔

پاکستان میں سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سرحد پار افغانستان سے ایک چوکی پر حملہ کرنے والے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہفتہ کو علی الصبح افغان سرحد سے ملحقہ باجوڑ ایجنسی میں ناواپاس کے علاقے میں شدت پسندوں نے حملہ کیا جس سے ایک اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

جوابی کارروائی کرتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا جب کہ کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔

ان علاقوں میں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں ہونے والے جانی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں شدت پسندوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں جو ان ملکوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل بھی افغان علاقے میں موجود شدت پسند پاکستانی سیکورٹی چیک پوسٹس پر حملے کرتے رہے ہیں۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے حالیہ ہفتوں میں ہونے والے مختلف پرتشدد واقعات کے بعد گزشتہ ہفتے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں غیر ملکی عسکریت پسندوں اور اہم شدت پسند کمانڈروں سمیت 80 سے زائد شدت پسند مارے گئے تھے۔

حکومت اور طالبان شدت پسندوں کے درمیان شروع ہونے والا مذاکراتی عمل ایک ماہ سے زائد عرصے سے تعطل کا شکار ہے اور اس دوران سکیورٹی فورسز پر شدت پسندوں کے حملے بھی دیکھنے میں آئے۔

حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کرنے والے عناصر کے ساتھ بات چیت کی جائے گی اور جو لوگ ہتھیار استعمال کریں گے ان کے ساتھ طاقت سے ہی نمٹا جائے گا۔

ایک روز قبل وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہوا جس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھر پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں طالبان نے فوجی کارروائی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مقامی آبادی کو دس جون سے پہلے محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کی ہدایت کی تھی۔

مختلف علاقوں میں تقسیم کیے گئے پمفلٹس میں طالبان کمانڈر حافظ گل بہادر کی قیادت میں ہونےو الے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ لوگ اپنے اہل و عیال کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیں کیونکہ فوجی کارروائی کی صورت میں یہاں حالات مزید خراب ہوں گے ان کے جنگجو ایسی کارروائی کی مزاحمت کریں گے۔

اس پمفلٹ کے مصدقہ ہونے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
XS
SM
MD
LG