رسائی کے لنکس

امریکہ کی طرف سے میزائل کا ممکنہ تجربہ آئندہ ہفتے متوقع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ الاسکا کے راکٹ کمپلیکس سے بہت جلد آئندہ ہفتے میزائل داغنے کا ایک تجربہ کیا جائے گا۔

کوسٹ گارڈ کے طرف سے رواں ہفتے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق یہ میزائل الاسکا کے پیسیفک سپیس پورٹ کمپلیکس سے 29 جولائی کو مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے اور 30 جولائی کو صبح ایک بج کر 30 منٹ کے درمیان داغا جائے گا۔

اس میزائل کو داغنے کے متبادل اوقات کے مطابق یہ تجربہ 30 جولائی کو شام سات بجے اور 31 جولائی کو صبح ایک بج کر 30 منٹ کے درمیان یا 31 جولائی کو شام سات بجے اور یکم اگست کو صبح ایک بج کر 30 منٹ کے درمیان کیا جا سکتا ہے۔

امریکی نیوی کے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس عرصے میں کوڈیک جزیرے اور ہوائی کے درمیان واقع سمندری علاقے سے دور رہیں۔

الاسکا سے شائع ہونے والے کوڈیک ڈیلی مرر اخبار کے مطابق امریکی فوجیوں کو عارضی طور پر میزائل داغے جانے کے مقام پر تعینات کیا گیا ہے جہاں سے امریکہ کی ڈیفنس ایجنسی کی طرف سے میزائل دفاعی نظام تھاڈ 'ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس' کو ٹیسٹ کیا جائے گا۔

امریکہ کی میزائل ڈیفنس ایجنسی نے رواں ماہ قبل ازیں کامیابی سے تھاڈ ۔18 کا فلائیٹ ٹیسٹ کیا تھا۔ یو ایس میزائل ڈیفنس ایجنسی کےشعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کرس جانسن نے کہا کہ اس ٹیسٹ سے " تھاڈ کی درمیانے درجے کی بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت کی توثیق ہو گئی ہے۔"

یو ایس میزائل ڈیفنس ایجنسی کے شعبہ تعلقات عامہ کی ایک عہدیدار لیا گارٹن نے کہا کہ اس جگہ سے دوسرا تجربہ جسے ایف ٹی ٹی ۔15 کہا جاتا ہے وہ تھاڈ نظام کی زمین کے کرہ ہوائی کے اندر درمیانے درجے کی بیلسٹک میزائل کو روکنے کی صلاحیت کا تجربہ کیا جائے گا۔

تھاڈ نظام نے اپنے 14 تجربات میں اپنے ہدف کو پرواز کے دوران نشانہ بنانے میں 100 فیصد کامیابی حاصل کی۔ میزائل دفاعی نظام تھاڈ کو شمالی کوریا کی طرف سے میزائل خطرے سے نمٹنے کے لیے جنوبی کوریا اور بحر الکاہل میں واقع گوام کے امریکی جزیرے میں ںصب کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG