امریکہ میں قائم انسانی حقوق کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ سینئر عہدے داروں نے بتایا ہے کہ ایک سال سے بھی زیادہ عرصے سے لاپتا ایک وکیل ملک کے انتہائی مغرب میں واقع شہر اورمچی میں کام کررہاہے۔
اتوار کے روز دوئی ہوا فاؤنڈیشن نےایک مختصر بیان میں کہا کہ واشنگٹن میں قائم چینی سفارت خانے نےتنظیم کو بتایا ہے کہ گاؤ زی شنگ، شورش زدہ علاقے سنکیانگ کے دارالحکومت میں کام کررہاہے۔
گاؤ کو، جو چین میں خفیہ مسیحیوں اور کالعدم روحانی تنظیم فالن گانگ کا دفاع کر چکے ہیں، چار فروری 2009ء کو اغوا کیا گیاتھا۔ اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔
دوئی ہوا فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ گاؤ کی اہلیہ کا اپنے شوہر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ان کا خاندان ان کے لاپتا ہونے سے پہلے چین سے فرار ہوگیا تھا۔ ان کے خاندان کو امریکہ نے پناہ گزین کے طورپر قبول کرلیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیم نے کہاہے کہ وہ بیجنگ سے یہ چاہتی ہے کہ وہ گاؤ کی صورت حال کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرے۔