رسائی کے لنکس

مودی کے لیے اماراتی اعزاز: 'پیسے میں انسانیت سے زیادہ طاقت ہے'


بھارت کے وزیر اعظم نے ایوارڈ سے نوازے جانے پر اماراتی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
بھارت کے وزیر اعظم نے ایوارڈ سے نوازے جانے پر اماراتی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فائل فوٹو)

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اعلٰی سول ایوارڈ سے نوازنے پر پاکستان کے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین کشمیر کے موجودہ حالات کے تناظر میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کے اس اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ جب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مسلمان گزشتہ 20 روز سے بھارت کی ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں مسلمان ممالک کے اتحاد کی بجائے نریندر مودی کو ایوارڈ دیے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر 'شیم آن یو اے ای' ٹرینڈ کر رہا ہے جس میں صارفین اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف افشاں نے لکھا ہے کہ مودی کے نازی اور فاشسٹ نظریے کو ایک اسلامی ملک میں پذیرائی مل رہی ہے۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ دورہ کیا تھا اس دوران انہیں امارات کے سب سے بڑے 'زید' ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ایک صارف دانش شیخ نے لکھا ہے گجرات کے مسلمانوں کا قاتل عربوں کے نزدیک معتبر شخص ہے۔

ایف ایچ سلہری نامی صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پیسے میں انسانیت سے زیادہ طاقت ہے۔

بھارتی صارفین کی جانب سے بھی پاکستانی ٹوئٹر صارفین کی تنقید کا جواب دیا جا رہا ہے۔ ایک بھارتی صارف سبھاش نے لکھا ہے کہ پاکستان بھارت کی اس کامیابی پر آنسو بہا رہا ہے۔

ایک اور بھارتی صارف گیتگا سوامی نے لکھا ہے کہ پاکستان کے لیے مودی کو ملنے والے ایوارڈ کے علاوہ ایک اور تکلیف دہ بات بھارتی وزیر اعظم کے دورے کو متحدہ عرب امارات کے اخبارات اور میڈیا میں ملنے والی غیر معمولی کوریج بھی ہے۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں اسلامی ممالک کی افواج کے سربراہ اور پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں سلیم صافی نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر جنرل راحیل شریف کا اجازت نامہ منسوخ کر کے انہیں واپس بلا لیں۔

اس سے قبل بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایوارڈ سے نوازے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ اپنی ٹوئٹ میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ یہ ایوارڈ بھارت کے ایک سو تیس کروڑ شہریوں کے نام کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کا دورہ متحدہ عرب امارات منسوخ

پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے بطور احتجاج متحدہ عرب امارات کا دورہ مسوخ کر دیا ہے۔ سینیٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے اپنا دورہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود امارات کی جانب سے نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کے باعث بطور احتجاج منسوخ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG