رسائی کے لنکس

تعلقات میں نئے باب کے آغاز کی خواہش ہے: مودی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نریندر مودی نے کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام خط میں لکھا ہے کہ وہ محاذ آرائی اور تشدد سے پاک ماحول میں نواز شریف اور اُن کی حکومت کے ساتھ مل کر دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کر نا چاہتے ہیں۔

نریندر مودی نے نواز شریف کی طرف سے دو جون کو لکھے گئے خط پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیگر علاقائی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ اُن کی بھارت آمد باعث افتحار تھی۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ ماہ نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد اُن سے ملاقات بھی کی تھی۔

نریندر مودی نے اپنے خط میں لکھا کہ دورہ بھارت کے دوران اُن کی پاکستانی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں خیالات میں ہم آہنگی سے اُن کی حوصلہ افزائی ہوئی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ اُنھیں ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت خاص طور پر اس معاملے پر بہت خوشی ہوئی جس میں یہ کہا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن، دوستی اور تعاون پر مبنی تعلقات دونوں ملکوں کے نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرنے کے علاوہ خوشحالی کا سبب بنیں گے۔

نریندر مودی نے کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے نریندر مودی کے نام اپنے ایک خط میں دونوں ملکوں کے مفاد میں تمام تصفیہ طلب معاملات کو حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں میں کروڑوں غریب لوگ فوری توجہ کے مستحق ہیں تاکہ اُن کی حالت زار بہتر ہو سکے۔

پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان رابطوں اور مثبت پیغامات کا تبادلہ حوصلہ افزا ہے۔

’’مذاکرات کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں مجھے کچھ بات بنتی نظر آتی ہے۔‘‘

گزشتہ ماہ کے اواخر میں بھارت کی دعوت پر نواز شریف نے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کے درمیان جلد رابطے پر اتفاق کیا جس میں نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات کی روشنی میں آگے بڑھنے کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

حال ہی میں وزیراعظم نواز شریف نے نریندر مودی کی والدہ کے لیے سفید ساڑھی بطور تحفہ بھیجی تھی جب کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی والدہ کے لیے تحفے میں ایک شال دی تھی۔

نریندر مودی نے اپنے خط میں ایک مرتبہ پھر اپنی والدہ کے لیے ساڑھی بھیجنے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
XS
SM
MD
LG