رسائی کے لنکس

معین علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی، ایشز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے


انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کےاعلان کے لگ بھگ دو برس بعد ایک بار پھر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں اور اب وہ آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں انگلش ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

معین علی نے ستمبر 2021 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ دو سال بعد جب ٹیم کو ان کی ضرورت پڑی تو انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے لی۔

انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کی واپسی کا فیصلہ انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور ہیڈ کوچ برینڈن میکولم سے مشاورت کے بعد کیا۔

وہ آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سیریز میں زخمی ہونے والے انگلش لیگ اپسنر جیک لیچ کی جگہ لیں گے۔

جیک لیچ کمر کی انجری کے باعث ایشیز سیریز سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے معین علی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مینیجنگ ڈائریکٹر روب کی کہتے ہیں کہ رواں ہفتے ہی معین علی سے رابطہ کرکے انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے لیے کہا تھا۔

معین علی اب تک 64 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 195 وکٹیں لی ہیں جب کہ دو ہزار 914 رنز اسکور کیے ہیں۔

اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG