رسائی کے لنکس

برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ سے زیادہ اموات


برازیل میں اتوار کو کرونا وائرس سے 703 اور امریکہ میں 617 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اس طرح کئی ہفتوں کے بعد پہلی بار کسی ملک میں امریکہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ برازیل مریضوں کی تعداد میں بھی امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق پیر کو دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 55 لاکھ 50 ہزار اور اموات کی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ امریکہ میں کیسز 17 لاکھ سے بڑھ گئے جب کہ اموات لگ بھگ ایک لاکھ تھیں۔

24 گھنٹوں کے دوران برازیل میں 386، میکسیکو میں 215، بھارت میں 148، برطانیہ میں 121 اور کینیڈا میں 114 مریض چل بسے۔ روس، اٹلی اور ایکویڈور میں 90 سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اتوار کو چھٹی کی وجہ سے پیر کو رپورٹنگ کم ہوتی ہے اس لیے خدشہ ہے کہ کیسز اور اموات کی تعداد بعد میں بڑھے گی۔

امریکہ میں پیر کی شام تک 400 سے زیادہ ہلاکتوں کا علم ہو چکا تھا جس کے بعد اموات کی تعداد 99 ہزار 700 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے ڈیڑھ کروڑ ٹیسٹ مکمل ہو گئے ہیں جن میں سے 17 لاکھ مثبت آئے ہیں۔

برازیل میں مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار، روس میں 3 لاکھ 53 ہزار، اسپین میں 2 لاکھ 82 ہزار، برطانیہ میں 2 لاکھ 61 ہزار اور اٹلی میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ان کے علاوہ جن ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں ان میں فرانس، جرمنی، ترکی، بھارت، ایران اور پرو شامل ہیں۔

بھارت میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار اور اموات کی تعداد 4300 سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں اب تک 56 ہزار سے زیادہ کیسز کا پتا چل چکا ہے جب کہ 1167 اموات ہو چکی ہیں۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ ٹیسٹ روس میں ہوئے ہیں جن کی تعداد 89 لاکھ ہے۔ اسپین، برطانیہ، اٹلی، جرمنی اور بھارت میں بھی 30 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ان کے بعد متحدہ عرب امارات کا نمبر ہے جہاں 20 لاکھ ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں ساڑھے 23 لاکھ ہزار افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے 4 لاکھ 60 ہزار، اسپین کے 2 لاکھ، جرمنی کے ایک لاکھ 60 ہزار، برازیل کے ڈیڑھ لاکھ، اٹلی کے ایک لاکھ 40 ہزار، ترکی کے ایک لاکھ 20 ہزار، روس کے ایک لاکھ 18 ہزار اور ایران کے ایک لاکھ 7 ہزار شہری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG