رسائی کے لنکس

امریکہ: مزید مساجد کو دھمکی آمیز خط ملنے کی اطلاعات


امریکہ میں مزید کئی مساجد میں ایسے خطوط ملنے کی اطلاعات ملی ہیں جن کا متن منافرت پر مبنی ہے اور مسلمانوں کو امریکہ چھوڑنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ایک ہی طرح کی خطوط جن پر لاس اینجلس کے علاقے سے ڈاک کی مہر ثبت ہے اب کیلی فورنیا،اوہائیو، مشی گن، رہوڈ آئی لینڈ، انڈیانا، کولو راڈو اور جارجیا میں واقع مساجد کو ملے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق لاس اینجلس کی پولیس ان خطوط کی نفرت پر مبنی واقع کے طور پر تحقیقات کر رہی ہیں۔

یہ خطوط بظاہر ہاتھ سے لکھے گئی تحریر کی فوٹو کاپیاں ہیں جس میں مسلمانوں کے بارے میں سخت الفاظ کہے گئے ہیں۔

کونسل برائے امریکن اسلامک ریلیشز نے وفاقی تحقیاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے۔

’ایف بی آئی‘ کا کہنا ہے کہ یہ دھمکیاں اگرچہ اشتعال انگیز اور نا گوار ہیں تاہم اس مرحلے پر کوئی ایسا خاص خطرہ موجود نہیں ہے جس کی تحقیقات کی جائے۔ لیکن اس مرحلے پر وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں سے کہا گیا کہ وہ ایسے واقعات کی اطلاع دیں۔

رہوڈ آئی لینڈ کی ریاست کے دارالحکومت پراویڈینس کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مسجد الکریم کو ملنے والے خط کے بعد اس علاقے میں پولیس کی گشت بڑھا دیں گے۔

پولیس اور اسلامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ قبل ازیں بھی کیلی فورنیا کی چھ مساجد کے علاوہ کئی دیگر مساجد کو نفرت پر مبنی متن والے خطے موصول ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG