رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: کرسمس کے دن جنگل کی آگ میں 100 گھر تباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ریاست وکٹوریہ کی خوبصورت مناظر والی شاہراہ گریٹ اوشن روڈ کے قریبی حصوں میں لگنے والے آگ پر قابو پانے کے لیے 150 فائر فائٹر مصروف ہیں۔

آسٹریلیا میں کرسمس کے دن سیاحوں میں مقبول ایک علاقے میں جنگل کی آگ سے سو گھر جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ ہفتہ کو بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا جبکہ حکام نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے کرہ ارض کے جنوب میں واقع ہونے کے باعث اس وقت گرمی کے موسم کی وجہ سے مزید آگ لگنے کا امکان ہے۔

ریاست وکٹوریہ کی خوبصورت مناظر والی شاہراہ گریٹ اوشن روڈ کے قریبی حصوں میں لگنے والے آگ پر قابو پانے کے لیے 150 فائر فائٹر مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق میلبورن سے 120 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع دو قصبوں میں آگ سے 100 سے زائد گھر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

امدادی حکام کا کہنا ہے کہ گریٹ اوشن روڈ کے علاقے اور وکٹوریہ ریاست کے باقی حصوں میں ہوا میں خشکی کے باعث مزید آگ لگنے کا امکان ہے۔

گریٹ اوشن روڈ آسٹریلیا میں سیاحوں میں مقبول ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ اس کے اطراف میں بے حد خوبصورت مناظر اور سدرن اوشن کے کنارے چٹانوں کی عجیب اشکال سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔ ہفتے کو یہ شاہراہ ٹریفک کے لیے بند رہی جبکہ عمومی طور پر سال کے اس حصے میں یہ بہت مصروف ہوتی ہے۔

تباہ ہونے والے کچھ گھروں میں لوگ چھٹیاں منانے آئے تھے۔ حکام نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں ان کے لیے مالی معاونت جاری کر دی گئی ہے۔

اس سال پہلی آگ 19 دسمبر کو بجلی گرنے سے لگی جو ہوا سے بھڑک اٹھی اور اب تک اس سے لگ بھگ 5000 ایکڑ پر پھیلا جنگل جل چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG