چین سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلنے والے کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے چین میں نئے قمری سال کی تعطیلات میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں 30 فی صد اضافہ ہو چکا ہے اور مجموعی تعداد 2744 تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرہ افراد کی نصف تعداد صوبہ ہوبئی میں ہے۔ اس صوبے کا مرکزی شہر ووہان ہے۔ دنیا کے 10 ممالک میں اب تک کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ان کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہے۔ دیگر ممالک میں جہاں بھی متاثرہ افراد سامنے آئے انہوں نے چین کے شہر ووہان کا سفر کیا تھا۔ آسٹریلیا، فرانس، اٹلی، جاپان اور امریکہ پہلے ہی کرونا وائرس سے متاثرہ چین کے شہر ووہان سے اپنی شہریوں کے انخلا کا اعلان کر چکے ہیں۔
کرونا وائرس کے تدارک کے لیے سخت اقدامات
1
چین میں رواں ماہ کے آغاز میں کرونا وائرس سے لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
2
ووہان شہر سے چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں یہ وائرس منتقل ہوا۔ جس کے بعد ووہان کے حوالے سے سفری پابندیاں عائد کی گئیں۔
3
دنیا کے کئی ممالک نے ایئرپورٹس پر اسکینرز نصب کر دیے ہیں جو چین سے آنے والے افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
4
چین کے شہر ووہان کے جس بازار سے کرونا وائرس پھیلا تھا حکام نے اسے سیل کر دیا ہے۔