رسائی کے لنکس

2021 میں کون کون سی ویب سیریز شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ سال کی طرح 2021 میں بھی کرونا وبا کی وجہ سے سنیما گھروں کو بندش کا سامنا رہا۔ ایسے میں ناظرین نے محظوظ ہونے کے لیے پہلے کی طرح او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا سہارا لیا۔ کہیں مشہور امریکی سٹ کام 'فرینڈز' کی ری یونین کے چرچے تھے تو کہیں 'منی ہائیسٹ' کے آخری سیزن کو خوب پسند کیا گیا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جنوبی کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' کو پسند کیا گیا جس کی ایک وجہ سیریز میں پاکستانی کردار کی موجودگی تھی۔

اس کے علاوہ رواں برس ناظرین کو مارول کی ہر نئی سیریز کے بعد اگلی کا بے صبری سے انتظار رہا۔

البتہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ڈزنی پلس، ہولو اور ایچ بی او میکس جیسی سروسز دستیاب نہیں تھیں لیکن اس کے باوجود بھی لوگوں نے ان پلیٹ فارم کی ہٹ سیریز دیکھنے کے لیے مختلف کوششیں کیں۔

جانتے ہیں کہ سن 2021 میں کون کون سی سیریز ناظرین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں اور کون سے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اپنی سیریز کی وجہ سے نمایاں رہے؟

نیٹ فلکس کی سیریز'منی ہائسٹ' اور'اسکوئڈ گیم'

اگر پاکستان کی بات کی جائے تو 2021 میں نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم بدستور مقبول او ٹی ٹی پلیٹ فارمز رہے۔

نیٹ فلکس پر 'منی ہائیسٹ' اور 'اسکوئڈ گیم' کے چرچے ہوئے تو ایمیزون پر بھی 'دی ویل آف ٹائم' مقبول رہی۔

رواں برس نیٹ فلکس پر 'منی ہائیسٹ' کے آخری سیزن کو دو حصوں میں ریلیز کیا جسے شائقین نے پسند کیا اور یہ سوشل میڈیا پر بھی ٹرینڈنگ میں رہا۔

'منی ہائیسٹ' کے آخری سیزن میں دکھایا گیا ہے کہ ایک طرف رائل بینک آف اسپین میں موجود گینگ ممبرز اپنی بقا کی جنگ لڑنے میں مصروف ہوتے ہیں تو دوسری جانب ان کے سرغنہ پروفیسر کا ٹاکرا اسی پولیس افسر سے ہو جاتا ہے جسے وہ چکما دے رہا ہوتا ہے۔

اس سیزن کا اختتام تو بہترین انداز میں ہوا لیکن ایک اہم رکن کی موت کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں 'منی ہائیسٹ' کے شائقین افسردہ ہو گئے۔

'منی ہائیسٹ' کی طرح جنوبی کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' نے بھی نیٹ فلکس پر مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔

'اسکوئڈ گیمز' کی کہانی ایک ایسے کھیل کے گرد گھومتی ہے جس میں قرض میں ڈوبے ہوئے افراد اپنی قسمت بدلنے کے لیے اس میں حصہ لیتے ہیں۔ لیکن اس کھیل میں ناکامی کی سزا موت ہوتی ہے۔

جس طرح 'منی ہائیسٹ' میں پاکستانی کردار کو پروفیسر کی مدد کرتے دکھایا گیا ہے اسی طرح جنوبی کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' میں بھارتی اداکار انوپم تریپارتھی نے عبد العلی کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے گھر والوں کو غربت سے نجات دلانے کے لیے اس کھیل کا حصہ بنتا ہے۔

ایمیزون کی سیریز 'دی ویل آف ٹائم'

اب بات کرتے ہیں ایمیزون پرائم کی مقبول سیریز 'دی ویل آف ٹائم' کی جس کی کہانی ایک ایسے گروہ کے گرد گھومتی ہے جس میں سپر ہیرو خواتین 'ون پاور' نامی طاقت کے استعمال سے دنیا کی حفاطت کرتی ہیں۔

اس سیریز میں ہالی وڈ اداکارہ روزایمنڈ پائیک نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ 'منی ہائیسٹ' میں پروفیسر کا کردار ادا کرنے والے ایلوارو مورٹے بھی اس سیریز کا حصہ ہیں۔

ڈزنی پلس نے مارول فینز کو مایوس نہیں کیا!

اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس آہستہ آہستہ دنیا بھر میں اپنے آپریشن کو طول دے رہی ہے۔

سال کی سب سے کامیاب فلم 'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کی کڑیاں مارول سنیما کی جن ٹی وی سیریز سے ملتی ہیں وہ تمام اسی پلیٹ فارم پر نشر ہوئی ہیں۔

ڈزنی پلس پر سن 2021 کے آغاز میں 'وانڈا وژن' سیریز ریلیز کی گئی جس کی کہانی 'ایونجرز اینڈ گیم' کے بعد آنے والی تبدیلیوں کے گرد گومتی ہے۔

اس منی سیریز میں جہاں ایونجرز کا حصہ بننے والی وانڈا (ایلزبتھ اولسن) اور ان کے پارٹنر وژن (پال بیٹنی) دونوں ایک ہنسی خوشی زندگی گزارتے ہیں وہیں دونوں کے خلاف ایک اور قوت بھی ایکشن میں نظر آتی ہے جو انہیں خوش نہیں دیکھنا چاہتی۔

بعد ازاں مارچ کے مہینے میں 'فیلکن اینڈ دی ونٹر سولجر' ریلیز ہوئی جس میں کیپٹن امریکہ کے دو ساتھی فیلکن (انتھونی مک کائی) اور ونٹر سولجر (سیباسچن اسٹان) نے مرکزی کردار کیا۔

ویب سیریز کی کہانی ایک نئے کیپٹن امریکہ کے گرد گھومتی ہے جو اسٹیو راجرز کی جگہ لینے کی کوشش تو کرتا ہے۔​

مارول فلموں سے جہاں کئی کردار اس سیریز میں نظر آئے وہیں اس کی کڑی آئندہ آنے والی کیپٹن امریکہ فلم سے جڑتی ہے۔

علاوہ ازیں مارول فلموں کے ہر دلعزیز ولن 'لوکی' کو بھی اس سال اپنی ویب سیریز مل گئی۔ اس سیریز نے جہاں 'ویریئنٹ' کے لفظ کو زبان زدِ عام کیا وہیں اداکار ٹام ہڈلسٹن کے کردار کو بھی ایک مرتبہ پھر زندگی بخشی جو 'ایونجرز اینڈ گیم' میں مر گیا تھا۔

ڈزنی پلس پر ریلیز ہونے والی 'واٹ اِف' ویسے تو اینی میٹیڈ سیریز ہے لیکن جس نے اس کو نہ دیکھا اس کے لیے ڈاکٹر اسٹرینج کی آنے والی فلم بے معنی ہو جائے گی۔

اس سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ اگر اسٹیو راجرز کی جگہ ایجنٹ کارٹر کیپٹن امریکہ بن جاتیں اور اگر اسٹار لارڈ کے لیے بلیک پینتھر کا انتخاب ہو جاتا تو کیا ہوتا۔

ڈزنی پلس نے سال کا اختتام 'ہاک آئی' پر کیا جس میں جیریمی رینر نے اپنا شہرہ آفاق کردار ایک بار پھر نبھایا۔ لیکن اس بار ان کے ساتھ ایک اور 'ہاک آئی' بھی ہے جو ان کی مداح ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹنر بننے کے خواب دیکھتی ہے۔

اس ویب سیریز میں بھی مارول فلمز اور ٹی وی شوز کے کئی کردار ایکشن میں نظر آئے ہیں جن میں کنگ پن، اور بلیک وڈو قابلِ ذکر ہیں۔

'دھوپ کی دیوار' اور 'قاتل حسیناؤں کے نام'

رواں برس بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'زی فائیو' پر پاکستان میں پابندی لگا دی گئی جس کی وجہ سے 'دھوپ کی دیوار' اور 'قاتل حسیناؤں کے نام' دونوں ہی سیریز پاکستان میں اُس طرح نہیں دیکھیں گئیں جیسے توقع کی جا رہی تھی۔

حسیب حسن کی ہدایت میں بننے والی سیریز 'دھوپ کی دیوار' کو دنیا بھر میں پذیرائی کے باوجود پاکستان میں شائقین نہ دیکھ سکے۔

اس سیریز میں احد رضا میر اور سجل علی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ منظر صہبائی، ثمینہ احمد، عدنان جعفر، سویرا ندیم سمیت کئی اداکار اس کی کاسٹ میں شامل تھے۔

یہی نہیں اس سال کے آخر میں ایک اور پاکستانی ویب سیریز 'قاتل حسیناؤں کے نام' بھی زی فائیو پر ریلیز کی گئی جس میں ثروت گیلانی، صنم سعید، یسرہ رضوی سمیت معروف اداکاروں نے کام کیا ہے۔

ایچ بی او میکس کی مقبول سیریز

نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم تو پاکستان میں مقبول ہیں ہی لیکن یہاں ایچ بی او میکس اور ہولو کی سیریز بھی کافی پسند کی جا رہی ہیں۔ حالاں کہ یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں دستیاب نہیں لیکن صارفین نے مختلف وی پی این اور مختلف طریقوں سے یہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والی سیریز دیکھیں۔

معروف کامیڈین اسٹیو مارٹن اور مارٹن کی 'ہولو' پر ریلیز ہونے والی 'اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ' میں دونوں کی شاندار اداکاری نے دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔

اس سیریز میں اسٹیو مارٹن نے ایک سابق ٹی وی اسٹار اور مارٹن شارٹ نے ماضی کے مقبول ہدایت کار کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے سے کئی سال چھوٹی سیلینا گومیز کے ساتھ اپنی بلڈنگ میں ہونے والے قتل کی تحقیقات کرتے ہیں۔

اس میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے یہ تینوں اپنے پوڈکاسٹ میں ان تحقیقات کی اپ ڈیٹ دیتے دیتے قاتل تک پہنچ جائیں گے۔

اور آخر میں بات اس ایونٹ کی جس کے انتظار میں لوگوں نے 17 برس گزار دیے۔

رواں برس مئی کے مہینے میں 'ایج بی او میکس' پر مشہور امریکی سٹ کام 'فرینڈز' کی ری یونین قسط نشر ہوئی جس نے دنیا بھر میں تہلکہ مچایا۔

سن 1994 سے 2004 تک ٹی وی پر راج کرنے والے امریکی سٹ کام کے تمام اداکار ایک بار پھر یکجا ہوئے اور انہوں نے 'فرینڈز' کے ساتھ ساتھ اپنے بارے میں وہ وہ باتیں کیں جو بہت کم لوگ جانتے تھے۔

اس ری یونین شو میں ہائی پروفائل سلیبرٹیز کی انٹری نے بھی اسے چار چاند لگا دیے۔ جیمز کورڈن نے اس شو کی میزبانی کی جس میں 'فرینڈز' کے فینز اور اس کے بنانے والوں نے شرکت کی۔

XS
SM
MD
LG