رسائی کے لنکس

’مدرز ڈے‘: مائیں ’ستون‘ کا درجہ رکھتی ہیں


اپنے خصوصی پیغام میں، صدر اوباما نے کہا ہے کہ کیونکہ وہ ہمیشہ بچوں کو اولیت دیتی ہیں، اس لیے ’مدرز ڈے‘ کے موقع پر ’ہم ماؤں کو اولیت دیتے ہیں‘

اتوار کے روز امریکہ میں، دنیا بھر کی طرح، ’مدرز ڈے‘ منایا گیا۔

روایتی طور پر، اس روز بچے ماؤں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، پھول پیش کیے جاتے ہیں، خوشی کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور خوشی پیغام بھیجے جاتے ہیں۔ کارڈوں اور تحریروں میں ماں کی عظمت بیان کی جاتی ہے، اور اچھی اور خوش گوار یادیں بیان کی جاتی ہیں۔

جہاں دنیا کے زیادہ تر ملکوں میں’مدرز ڈے‘ مئی کے دوسرے اتوار کے روز منایا جاتا ہے، برطانیہ میں یہ دِن مارچ میں منایا جاتا ہے۔

امریکہ میں، اتوار کو ’مدرز ڈے‘ کی نسبت سے ماؤں کو پھول پیش کیے گئے، اور کئی خاندانوں میں روایتی تقاریب منعقد ہوئیں۔

ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، صدر براک اوباما نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہماری مائیں ہمارے لیے روزی کماتی ہیں، کمیونٹی کی قائد ہیں، ہمارے خاندان کے لیے ستون کا درجہ رکھتی ہیں۔

بقول اُن کے، کیونکہ وہ ہمیشہ بچوں کو اولیت دیتی ہیں، اس لیے ’مدرز ڈے‘ کے موقع پر ہم ماؤں کو اولیت دیتے ہیں۔

ادھر وٹیکن سٹی میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پوپ فرینسز نے سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں 13 نئے پادریوں سے حلف لیا۔ ایک بڑے اجتماع کی موجودگی میں، پوپ نے دنیا بھر کی ماؤں کے لیےخصوصی دعا کی۔

پوپ نے اجتماع سے کہا کہ وہ کچھ لمحات اپنی ماؤں کو یاد کرنے اور اُن کے لیے دعا کرنے کے لیے وقف کریں۔ بقول اُن کے، ’آئیے ہم ماؤں کا خیر مقدم کریں‘۔
XS
SM
MD
LG