رسائی کے لنکس

جواںٕ سال امریکی، ماؤنٹ ایورسٹ چوٹی سر کرنے والا کم عمر ترین شخص


ایک 13سالہ امریکی لڑکا دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والا سب سے کم عمر شخص بن گیا ہے۔

ہفتے کے روز امریکی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والا جورڈن رومیرو ، سطحِ سمندر سے 8850میٹر بلند ہمالیاتی چوٹی پر پہنچ گیا، اور اِس طرح اُس نے اِس سے پہلے اِس چوٹی کو سر کرنے والے سب سے کم عمر شخص، نیپال کے 16سالہ ، تیمبا تشیری کا ریکارڈ توڑ دیا۔

کوہ پیمائی کی خطرناک نوعیت کے باعث، نیپال 16برس سے کم عمر کے کسی فرد کو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کی اجازت نہیں دیتا، اِس لیے، رومیرو اور اُس کی ٹیم ، جس میں اُس کے والد اور سوتیلی ماں شامل تھے، چین کی طرف سے پارڑ پر چڑھے۔

رومیرو کے سفر کو ریکارڈ کرنے والی ویب سائیٹ نے بتایا ہے کہ چوٹی سر کرکے جب وہ سیٹلائٹ فون پر اِس بات کی اطلاع دے رہا تھا تو وہ بے انتہا خوش نظر آیا۔

اب اُسے قطبِ جنوبی کی‘ وِنسن ماسف’ چوٹی سر کرنی ہوگی، تب کہیں وہ ساتوں بر اعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کی اپنی خواہش پوری کرے گا۔

رومیرو نے کوہ پیماؤں کے ایک گروپ کے ساتھ ایورسٹ چوٹی سر کی جِس میں ایک نیپالی شخص شِرپا جسے اَپا کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، 20مرتبہ ایورسٹ پہنچ کر اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

عالمی موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر آگہی کو اجاگر کرنے کے لیے، اَپا کے ساتھ دوسرے کوہ پیمابھی اِس سے پہلے پہاڑ پر چڑھے ہوئے کوہ پیماؤں کی طرف سے گِرائے گئے کچرے کو صاف کرنے کےکام میں شریک ہوئے۔

XS
SM
MD
LG