رسائی کے لنکس

ماسکو میں کنسرٹ حملے میں اموات میں اضافہ، روس میں یومِ سوگ


  • روس میں کنسرٹ ہال حملے پراتوار کو یومِ سوگ منایا جا رہا ہے۔
  • شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ آن نے روسی صدر کو ماسکو حملے پر ہمدردری کا پیغام بھیجا ہے۔
  • یوکرین نے روس کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال میں حملے کے بعد اتوار کو ملک بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جمعے کو ہونے والے حملے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق یورپ میں ہونے والا یہ مہلک ترین حملہ تھا جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم ‘داعش’ نے قبول کی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے دہشت گرد حملہ کرنے والوں کو سزا دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار مسلح افراد کو یوکرین فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر اتوار کی صبح خطاب میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا تھا کہ پورا ملک ان لوگوں کے ساتھ سوگ میں شریک ہے جنہوں نے اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔

ماسکو کے شمال میں مضافاتی علاقے کراسنو گرسک میں واقع کروکس سٹی ہال میں جمعے کو ایک کنسرٹ کے دوران چھپے ہونے حملہ آوروں نے شرکا پر اچانک حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 133 افراد کےہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

حملے کی ویڈیو

شدت پسند تنظیم داعش نے ہفتے کو ٹیلی گرام چینلز پر ایک منٹ اور 31 سیکنڈز کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کنسرٹ ہال پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں میں سے ایک کو ہال میں داخل ہوتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے مطابق حملہ آوروں نے فائرنگ کے متعدد برسٹس مارے جب کہ پس منظر میں آگ لگی بھی دکھائی دیتی ہے۔

یورپی سر زمین پر داعش کی طرف سے کیے جانے والے حملوں میں سے یہ سب سے مہلک حملہ قرار دیا گیا ہے۔

مشتبہ سہولت کاروں سے تفتیش

’اے ایف پی‘ کے مطابق روسی ٹیلی ویژن ’چینل-ون‘ نے ہفتے کو چار مبینہ حملہ آوروں کی ایک ویڈیو نشر کی جس میں حراست کے دوران ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

چینل ون کے مطابق اسپیشل فورسز نے انہیں مغربی خطے برائنسک کے ایک گاؤں کاٹسن سے حراست میں لیا۔

یہ علاقہ یوکرین اور بیلاروس کی سرحدوں کے قریب واقع ہے۔

روس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق چاروں مشتبہ حملہ آور غیر ملکی شہری ہیں۔

کسی اور کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش

دوسری طرف یوکرین نے اس حملے سے کسی بھی تعلق کی سختی سے تردید کی ہے۔

یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی نے پوٹن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس دہشت گرد حملے کا الزام ان پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق زیلنسکی کا ہفتے کی رات جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ روسی صدر اور دیگر صرف کسی اور کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کے بقول ان کے طریقے ہمیشہ ایک جیسے ہوتے ہیں اور انہوں نے پہلے بھی دیکھا ہے کہ انہوں نے عمارتیں تباہ کیں۔ فائرنگ اور دھماکے کیے جب کہ ان سب کا الزام کسی اور پر لگایا۔

یوکرین پر حملوں میں مزید شدت

ماسکو میں کنسرٹ پر حملے کے بعد روس کی افواج کے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور مشرقی خطے لیو پر شدید حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اتوار کی صبح روسی حملوں میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ہال مالک کا تعمیر نو کا عزم

جمعے کو حملہ آوروں کے ہاتھوں تباہ ہونے والے میوزک ہال کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ ہال کی دوبارہ سے تعمیر کریں گے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق حملے کے بعد ہال میں صرف لوہے کے سپورٹ بیمز اور سینکڑوں نشستوں کے اسٹیل فریم باقی بچے ہیں۔

کروکس سٹی ہال میں چھ ہزار سے زائد نشستیں تھیں جب کہ اسے 2009 میں آرس اگلروو کے کروکس گروپ نے تعمیر کیا تھا۔

کروکس گروپ کا جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کو بھلایا نہیں جا سکتا جب کہ حملہ آوروں کے ہاتھوں تباہ ہونے والے ہال کو دوبارہ سے تعمیر کیا جائے گا۔

کم جونگ آن کا ہمدردی کا پیغام

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ آن نے روسی صدر کو ماسکو حملے پر ہمدردری کا پیغام بھیجا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس دہشت گرد حملے کا کوئی بھی جواز نہیں ہو سکتا۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ اور رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG