رسائی کے لنکس

لائیو ایکشن فلم "دی لٹل مرمیڈ" کو کئی چیلنجز کا سامنا


فلم دی لٹل مرمیڈ کا ایک منظر ۔
فلم دی لٹل مرمیڈ کا ایک منظر ۔

ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار،پروڈیوسر اور کوریوگرافر ،روب مارشل کی نئی لائیو ایکشن فلم " دی لٹل مرمیڈ" امریکہ بھر میں 26 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے ۔اس فلم کا ورلڈ پریمئیر 8 مئی کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں پیش کیا گیا ۔فلم کے بارے میں ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ایسوسی ایٹد پریس سے منسلک فلم رائٹر ،لنڈسی بہر لکھتی ہیں کہ اس فلم کی کامیابی کے راستے میں کئی چیلنجز کھڑے ہیں، جن میں سب سے نمایاں اسی نام سے بننے والی اینیمیٹڈ فلم سے جڑی یادیں ہیں۔ 1989 میں ریلیز ہونے والی اینیمیٹڈ فلم "دی لٹل مرمیڈ"کی موسیقی اور کرداروں نے ڈزنی کی اس فلم کو چار چاند لگا دیے تھے ۔

لنڈسی لکھتی ہیں کہ راب مارشل کی اس لائیو ایکشن فلم کو حقیقی کرداروں کے ذریعے وہی کہانی دہراتے ہوئے بیک وقت " نوسٹیلجیا "اور" مماثلت " دونوں کا مقابلہ کرنا ہے ۔وہ لکھتی ہیں کہ ممکن ہے کہ اداکارہ ہالی بیلی کی موجودگی فلم میں خوبصورت اضافہ ہو اور ان کی آواز، ماضی میں اسی انیمیٹڈ کردار کو دی گئی جوڈی بینسن کی آواز سے بہتر ہو ، لیکن مرمیڈ کے حقیقت کے قریب پرندے، جانور اور ماحول ،ڈزنی کی پریوں کی کہانیوں کو اپنے طور پر دلکش نہیں بناتے۔

لنڈسی لکھتی ہیں کہ پانی کے اندر فلمائے گئے مناظر کافی دھندلے ہیں جو شاید دیکھنے والوں کے لیے اکتاہٹ کا باعث بن سکتے ہیں ۔

فلم دی لٹل مرمیڈ کے ایک منظر میں جل پری سمندر سے نکل کر شہزادے کے ساتھ
فلم دی لٹل مرمیڈ کے ایک منظر میں جل پری سمندر سے نکل کر شہزادے کے ساتھ

دوسری جانب ہالی ووڈ سے متعلق خبروں کی آن لائن ویب سائٹ " ڈیڈ لائن ڈاٹ کام "کے مطابق راب مارشل نے ایک مہنگی اور بہت بڑی پروڈکشن کے ساتھ اپنا ماضی کا جادو استعمال کرتے ہوئے ایک ایسی فلم بنائی ہے جو ہو سکتا ہے کہ ناظرین کے دلوں میں پرانی فلم کی یادوں کی جگہ نہ لے پائے لیکن ایک ایسی فلم ضرور ہے جو سنیما کی دنیا کا ایک یادگار حصہ بن سکتی ہے۔

"دی لٹل مرمیڈ " کی کہانی ایک ایسی جل پری کے گرد گھومتی ہے جسے سمندر کی اوپر کی دنیا کی کشش اپنی جانب کھینچتی ہے اور ایک روز جب وہ سمندر کے اوپر طوفان میں گھرے ایک شہزادے کی زندگی بچاتی ہے ،اسے اس شہزادے سے محبت ہو جاتی ہے اور اپنی محبت پانے اور انسانی بھیس بدلنے کے عوض مرمیڈ،ایک سمندری چڑیل سے انسانی ٹانگوں کے بدلے اپنی خوبصورت آوازکا سودا کر لیتی ہے ۔

لیکن کیا مرمیڈ ہمیشہ کے لیے سمندر کے باہر رہ پائی اور کیا اسے شہزادے کی محبت ملی؟ یہ جاننے کے لیے پوری فلم ریلیز ہونے کا انتطار کرنا ہوگا۔

( اس رپورٹ کی تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG