رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم نے گورنر سندھ سے استعفے کا مطالبہ کر دیا


گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی فائل فوٹو
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی فائل فوٹو

صوبہ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کا تعلق متحدہ قومی مومنٹ سے رہا ہے جو 2002ء سے اس منصب پر فائز ہیں۔

صوبہ سندھ کی دوسری بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے صوبہ سندھ میں اپنے ہی گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

صوبہ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کا تعلق متحدہ قومی مومنٹ سے رہا ہے جو 2002ء سے اس منصب پر فائز ہیں۔ انہیں پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبے کا طویل ترین عرصے تک گورنر رہنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔

پیر کو ایم کیو ایم نے کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مستعفی ہونے کا باضابطہ مطالبہ کیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا نہیں کرپائے اور پارٹی کو ان پر اعتماد نہیں رہا جس کے بعد انھیں استعفے دے دینا چاہیے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے خلاف سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں اور جب وہ احتجاج کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ صوبے میں تو ان کا گورنر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم مخالف کاروائیوں پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور "پھر دوبارہ تحریک میں شامل ہوں۔"

اس مطالبے سے چند روز قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد سے لاتعلقی کا اعلان بھی کیا تھا۔

ایم کیو ایم کے اس مطالبے پر تاحال گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان یا حکومت کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG