رسائی کے لنکس

دھونی کا مستقبل کیا ہوگا؟ سلیکشن پینل جمعے کو فیصلہ کرے گا


دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دھونی کی ٹیم میں شمولیت یا انہیں ڈراپ کیا جانا ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ (فائل فوٹو)
دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دھونی کی ٹیم میں شمولیت یا انہیں ڈراپ کیا جانا ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ (فائل فوٹو)

کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنل میں ایونٹ سے باہر ہونے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا سلیکشن پینل آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب جمعے کو کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مناوا سری کانتھ پراساد کی سربراہی میں سلیکشن پینل کا اجلاس ممبئی میں ہوگا جس میں دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم کے انتخاب کے علاوہ مہندرا سنگھ دھونی کے مستقبل سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔

کرکٹ کے حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آئندہ چند روز میں دھونی اپنے مستقبل کے لائحۂ عمل کا خود اعلان کریں گے۔

اڑتیس سالہ دھونی ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچز میں سست رفتاری سے کھیلنے کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں اور بعض حلقوں کی جانب سے انہیں ٹیم کی شکست کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا جارہا ہے۔

دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دھونی کی ٹیم میں شمولیت یا انہیں ڈراپ کیا جانا اُن کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

مہندرا سنگھ دھونی کو گزشتہ سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

دھونی کی قیادت میں بھارت نے 2011 میں ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ انہیں دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا۔

بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے دھونی 350 ون ڈے میچز میں 10 سینچریوں اور 73 نصف سینچریوں کی بدولت 10773 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 90 ٹیسٹ میچز میں 4876 اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1617 رنز بنائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG