رسائی کے لنکس

مائیک ملن کی جنرل طارق مجید سے ملاقات


امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین ایڈمرل مائیک ملن ہفتے کے روز پاکستان پہنچے ہیں۔ امریکی سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق مائیک ملن کا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان معمول کی دوطرفہ مشاورت اور تعاون کا حصہ ہے ۔

ایڈمرل ملن نے راولپنڈی میں پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل طارق مجید سے ملاقات کی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کے لیے دوطرفہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ، کابل کانفرنس اور اس کے خطے پر اثرات کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے مابین اعتماد سازی کے عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

دونوں عسکری رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اپنے دورے کے دوران ایڈمرل ملن پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کے فیصلے کے بعد امریکی فوجی کمانڈر کی اُن سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

مائیک ملن نے پاکستان کا اپنا آخری دورہ گذشتہ مہینے کی 26 تاریخ کو کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG