رسائی کے لنکس

ملتان سلطانز کی مسلسل دوسری کامیابی،لاہور قلندرز کو شکست


پاکستان سپر لیگ میں پہلے بلے بازوں اور پھر بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں ملتان سلطانز کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ جنید خان ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب رہے۔

کمارسنگاکارا، شعیب ملک اور احمد شہزاد کی عمدہ بیٹنگ کے سبب ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 136 پر ڈھیر ہوگئی۔

دبئی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی لیکن لاہور قلندرز کا یہ فیصلہ حریف ٹیم ملتان سلطانز کے لئے سود مند ثابت ہوا۔ اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے 88 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جو ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ اسٹینڈ ہے۔

احمد شہزاد 33 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد صہیب مقصود بیٹنگ کے لئے آئے لیکن وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چار رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

صہیب مقصود کے بعد کپتان شعیب ملک نے کمار سنگاکارا کے ساتھ چارج سنبھالا۔ دونوں بیٹسمینوں نے تیز رفتاری کے ساتھ رنز جوڑے اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 54 قیمتی رنز بنا کر مجموعی اسکور 147 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر سنگاکارا 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شعیب ملک کا ساتھ چھوڑ گئے، ایونٹ میں یہ اُن کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔

پولارڈ بغیر کھاتہ کھولے جبکہ شعیب ملک 48 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے ۔ براوو 9 اور سہیل تنویر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے مستفیض الرحمٰن نے دو اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کے رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور سنیل نارائن نے 38رنز کا آغاز فراہم کیا،سنیل نارائن 26نز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان مک کولم بغیر کوئی رن بنائے محمد عرفان کی گیند پر سہیل تنویر کو کیچ دے بیٹھے۔اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 40 رنز تھا۔

اس مشکل صورتحال میں عمر اکمل نے فخر زمان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اورتیسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 65 رنز بنائے، عمر اکمل تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں پولارڈ کی گیند پر براوو کے ہاتھوں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین سہیل اختر نے بھی فخرزمان کا بھرپور ساتھ دیا ، مجموعی اسکور جب 132رنز پر پہنچا تو فخرزمان 49رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پولارڈ کی گیند پر احمد شہزاد نے اُن شاندار کیچ پکڑا۔

اسکور میں ابھی صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھاکہ عمران طاہر نے سہیل اختر کو 21 رنز پر کلین بولڈ کردیا، ایک کے بعد ایک دو اہم وکٹیں گرنے سے لاہور قلندرز کی جیت کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ عمران طاہر نے اسی اوور میں عامر یامین کو بھی ایک رن پر کلین بولڈ کیا۔

رہی سہی کسر جنید خان نے ہیٹ کر کے پوری کردی، انہوں نے لگاتار تین گیندوں پر یاسر شاہ، ڈیل پورٹ اور رضا حسن کو آؤٹ کیا۔

یوں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ملتان سلطانز نے میچ 43 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

جنید خان اور عمران طاہر نے تین، تین جبکہ محمد عرفان اور پولارڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہفتے کو پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG