بھارتی ہوابازی کےمحکمے کےایک عہدے دارنے بتایا ہےکہ سکیورٹی ایجنسیوں نے ڈیلٹا ایئرلائنز کےاُس طیارے کو محفوظ قرار دے دیا ہے جسے جمعرات کو رات گئےممبئی میں اُس وقت اُتارلیا گیا تھا جب ایمسٹرڈم میں ایئرلائن کےعملے نے طیارے میں مشتبہ کارگو کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔
ایسو سی ایٹڈ پریس نے ممبئی ایئرپورٹ کے ترجمان منیش کلگھاٹگی کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ‘بم اسکواڈز’ اور ایئرپورٹ سکیورٹی عہدے داروں نے طیارے کا معائنہ کیا ، لیکن اُنھیں ‘کارگو ہولڈ’ میں کوئی قابلِ اعتراض چیز نہیں ملی۔
کلگھاٹگی نے بتایا کہ ایمسٹرڈم سے طیارے کے پرواز کرتے ہی‘ ڈیلٹا فلائیٹ 70’میں مکمل ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا تھا۔
جب طیارہ پرواز پر تھا، گراؤنڈ اسٹاف نےپائلٹ کو طیارے کے سامان کے حصے میں ممکنہ طور پر شمار نہ کی گئی کسی شئے کی موجودگی کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ طیارے کے اتر تے ہی معائنے کے لیے اُسے فوری طور پر ہوائی اڈے کی ایک خالی پٹی کی طرف لے جایا گیا ۔
کلگھاٹگی نے کہا کہ تمام 244مسافروں کوطیارے سے بحفاظت اُتار لیا گیا ہے اور یہ کہ ممبئی کے چتراپتی شیواجی ایئرپورٹ سے تمام پروازیں معمول کے مطابق چلنا شروع ہوگئی ہیں۔
یہ واقعہ امریکی صدر براک اوباما کے دو رے سے دو روز قبل پیش آیا ہے، جو ایشیا کے 10روزہ دورے کے پہلے قیام کے لیے ممبئی پہنچنے والے ہیں۔ وہاں پر وہ امریکہ بھارت کاروبار سے متعلق سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں 200سے زیادہ امریکی چیف اگزیکٹو شریک ہوں گے۔
گذشتہ ہفتے فضائی سامان کے ذریعے یمن سے امریکہ بھیجے جانے والے دو پیکیج بم برطانیہ اورمتحدہ عرب امارات میں برآمد ہوئے تھے۔ فرانس کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اِن میں سے ایک بم کو دھماکے کے مقررہ وقت سے محض 17منٹ قبل ناکارہ بنایا گیا۔
مقبول ترین
1