رسائی کے لنکس

ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج


ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد پیر کو راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین نے دھرنے دیے اور احتجاج کیا۔

پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے مقدمے میں سزا یافتہ ممتاز قادری کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کے خلاف پیر کو کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جبکہ بعض علاقوں میں کاروبار جزوی طور پر بند رہا۔

پیر کی صبح ممتاز قادری کی پھانسی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد راولپنڈی، لاہور، کراچی، حیدرآباد اور ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرین نے دھرنے دیے اور احتجاج کیا۔

احتجاج کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہی جب کہ وفاقی دارالحکومت میں اہم سرکاری عمارتوں اور سفارت خانوں والے علاقے ’ریڈ زون‘ کو بھی غیر متعلقہ اشخاص کے لیے بند کر دیا گیا۔

پھانسی کے خلاف پنجاب کے کئی اور شہروں میں بھی احتجاج ہوا لیکن مبینہ طور پر پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے ریگولیٹری ادارے 'پیمرا' کی ہدایات کے باعث ملکی ذرائع ابلاغ نے احتجاج کی کوریج سے گریز کیا۔

کراچی میں احتجاج کی غرض سے دینی جماعت ’سنی تحریک‘ پیش پیش رہی جبکہ کچھ دیگر تنظیموں نے بھی سنی تحریک کی آواز میں آواز ملائی۔

ناظم آباد، لیاقت آباد، غریب آباد، شاہراہ فیصل اور نمائش چورنگی سارا دن مظاہروں کا گڑھ رہی۔ نمائش چورنگی پر مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ تاہم، سہ پہر کو یہاں سے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کو شہر کی سب سے بڑی سڑک ’شاہراہ فیصل‘ بھیج دیا گیا۔ ان میں تنظیم کے مرکزی رہنما بھی شامل تھے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے کو تنظیم کے کچھ قریبی حلقوں نے بتایا کہ مرکزی رہنما شام کے وقت واپس نمائش چورنگی آجائیں گے۔ اس وقت مظاہرین کی زیادہ تعداد وہاں موجود نہیں تھی۔ تاہم، پولیس نے پورا علاقہ بند کیا ہوا تھا اور ہر طرح کی ٹریفک بھی معطل تھی۔

شہر میں صبح ہوتے ہی پھانسی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے سبب صبح آٹھ سے نو بجے کے درمیان ہی شہر کے کچھ علاقوں میں ٹریفک معطل ہوگیا۔ جو دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے ہی تھے وہ بھی کسی انجانے خوف یا خدشات کے باعث بند کردیئے گئے ۔

دوپہر تک شہر کی بیشتر سڑکوں خاص کر سینٹرل ڈسٹرکٹ میں سناٹے کا راج قائم تھا۔ کاروباری مراکز، دکانیں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپ تک بند رہے۔

کراچی کے کچھ علاقوں جن میں نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، صدر، شارع فیصل، نارتھ کراچی، یو پی موڑ، غریب آباد، ملیر، کالا بورڈ، اسٹار گیٹ اور ایئرپورٹ کے اطراف سے ٹائر جلانے اور گاڑیوں پر پتھراو کرنے کی بھی اطلاعات تھیں۔

ادھر لسبیلہ پر بھی کچھ رکشوں پر نامعلوم مشتعل افراد نے ڈنڈے اور لاٹھیاں برسائیں جس سے کافی رکشوں کو نقصان پہنچا۔

XS
SM
MD
LG