رسائی کے لنکس

مری میں ’کیبل لفٹ‘ گرنے سے 11 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب سیاحتی علاقے مری میں ایک کیبل لفٹ لگ بھگ 300 فٹگہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

مقامی حکام کے مطابق بنواڑی اور چھرا پانی کے درمیان سفر کے لیے لوگ دیسی ساخت کی ’’ڈولی لفٹ‘‘ استعمال کرتے ہیں جو جمعرات کی دوپہر کھائی میں گر گئی۔

مری کے اسٹنٹ ڈپٹی کمشنر عارف اللہ اعوان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ بنواڑی کا علاقہ مری سے متصل ہے لیکن وہ خیبر پختونخواہ کے علاقے حویلیاں کا حصہ ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’ڈولی لفٹ‘‘ مقامی لوگ وادی کے آر پار سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

’’یہ مقامی چیئرلفٹ ہے، جسے ’’ڈولی رائیڈ‘‘ کہا جاتا ہے وہ وادی کے آرپار دو علاقوں کو آپس میں ملاتی ہے۔۔۔ اس میں 13 افراد سوار تھے۔۔۔ رسہ ٹھیک ہے لیکن کیوں کہ لفٹ میں چھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی اور جب اُس میں زیادہ افراد بیٹھے تو نیچے گر گئی۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

لفٹ گرنے کے بعد ابتدا میں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو باہر نکالا اور بعد ازاں اُنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقامی طور پر تیار کردہ ایسی لفٹ گرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔

حکام کے مطابق دو علاقوں کے درمیان چلنے والی ایسی مقامی ساخت کی ’’چیئر لفٹس‘‘ کی جانچ کے لیے اُن کا تکنیکی جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG