رسائی کے لنکس

مشرف کے الزمات جھوٹ پر مبنی


مشرف کے الزمات جھوٹ پر مبنی
مشرف کے الزمات جھوٹ پر مبنی

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی طرف سے لگائے گئے اُن الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے کہ نواز شریف کلازِٹ طالبان یعنی ”چھپے ہوئے طالبان“ ہیں۔

پارٹی کے ترجمان احسن اقبال نے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسا شخص جو پاکستان کے قانون کا مفرور ہو اور گرفتار ی کے خوف سے خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہو اُسے نواز شریف جیسے ”عوامی اور محب وطن رہنما ء“ کے خلاف الزامات لگانے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے 3 نومبر کے اقدامات کو ماورائے آئین قراردیے جانے کے بعد ”جنرل مشرف ایک قومی مجرم بن چکے ہیں“ جن پر آئین کی پامالی اور نواب اکبر بگٹی کو قتل کرنے کا مقدمہ چلنا چاہیئے۔

مسلم لیگ ن کے ترجمان نے کہا کہ جنرل مشرف کو اپنے اُن بیانا ت کو نہیں بھولنا چاہیئے جن میں وہ انتہا پسندوں کا دفاع کرتے آئے ہیں۔

سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے اتوار کے روز امریکی شہر سئیٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے نواز شریف ”کلازٹ طالبان“ یعنی چھپے ہوئے طالبان ہیں اور پاکستان کے لیے ”بڑی تباہی کا باعث بنیں گے“۔ اُنھوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے 2008 ء کے عام انتخابات سے پہلے وطن واپس آ کر معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔

XS
SM
MD
LG