رسائی کے لنکس

امریکی بینڈ اور ایرانی دھنیں


پچھلے 35 برسوں میں کرونوس گروپ نے 600 نئی دھنیں بنائیں جن میں فلپ گلاس اور ٹیری رائلی جیسے نامور موسیقاروں کی دھنوں سمیت امینی کیا جیسے نئے فنکاروں کی دھنیں بھی شامل ہیں۔

کرونوس گروپ ایک معروف امریکی بینڈ ہے جس کے مداح دنیا کے اکثر حصوں میں موجود ہیں۔ یہ بینڈ اپنے شوز کے لیے جلد ہی بیرونی ملکوں کے ایک دورے پر روانہ ہورہاہے جہاں وہ پولینڈ، جرمنی ، سویٹزرلینڈ ، پرتگال اور کینیڈا میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔

حال ہی میں گروپ نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں اپنے شو میں ایک نوجوان ایرانی موسیقار کی دھنوں کو بھی شامل کیا، جسے بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔

ایرانی موسیقار نے اپنی موسیقی کو موجودہ سماجی اور سیاسی حالات کے پس منظر میں ترتیب دیا تھا۔

کرونوس کوارٹیٹ نامی گروپ نے اپنے حالیہ سیزن کا آغاز ایرانی موسیقار صہبا امینی کیا کی دھن سے کیا جس کا عنوان تھا۔۔جو بچ گئے ان کے لیے ماتم ۔

یہ دھن امینی کیا نے اپنے والد کی وفات اور پچھلے سال ایران میں انتخابات کے بعد ہونے والے احتجاج کے پس منظر میں تیار کی تھی۔

امینی کیا موسیقی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ وہ خوش ہیں کہ انہیں کرونوس کوارٹیٹ بینڈ کے ڈٰیوڈ ہیرنگٹن جیسے موسیقار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنی دھن کی ایک کاپی ڈیوڈ کو بھیجی تو انہوں نے فوراً ہی مجھ سے رابطہ کیا۔ ٹھیک اسی وقت ایران میں میرے والد کا انتقال ہو گیا اور میں تین مہینے تک ایران میں رہا۔ لیکن میں اپنی دھنوں کو مسلسل ریکارڈ کرتا رہا ۔ کسی بھی جگہ سے جوچیز مجھے اچھی لگی میں نے ان سب کو ریکارڈ کر لیا۔

ڈیوڈ ہیرنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ایسی دھنوں کی تلاش میں رہتے ہیں جو اس سے پہلے لوگوں نے پہلے کبھی نہ سنی ہوں۔

ڈیوڈکا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ اپنےمستقبل کے کام کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں۔ میں اپنے گروپ کے لیے موسیقی ترتیب دینے والوں سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ ایسی چیز بنائیں جو ان کے اپنے لیے ، میرے لیے اور دنیا کے لیے نئی ہو۔ اور میرے خیال میں امینی کیا یہ کام کر سکتا تھا۔

پچھلے 35 برسوں میں کرونوس گروپ نے 600 نئی دھنیں بنائیں جن میں فلپ گلاس اور ٹیری رائلی جیسے نامور موسیقاروں کی دھنوں سمیت امینی کیا جیسے نئے فنکاروں کی دھنیں بھی شامل ہیں۔

ڈیوڈ ہیرنگٹن کہتے ہیں کہ میں کسی بھی نئی دھن کو سننے والا سب سے پہلا شخص بننا پسند کرتا ہوںٕ۔ مجھے چیلنج پسند ہے۔ مجھے اس میں مزا آتا ہے۔

اپنے حالیہ کانسرٹ میں ڈیوڈ ہیرنگٹن، ایک دوسرے مشہور موسیقار جارج کرمبز کی ویت نام کی جنگ کے حوالے سے بنائی گئی بلیک اینجل نامی ، 35 سال پرانی دھنوں کو بھی شامل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے ان دھنوں کو1973 میں سنا تھا اور اس وقت وہ مجھے ڈراونی اور خوفناک لگی تھیں ۔ اس کے ایک ہفتے کے بعد ہی میں نے اپنا گروپ کورنوس بنایا تھا اور اس کے بعد میں نے ایسی کوئی دھن نہیں سنی۔ میرے خیال ہےکہ ہم اب تک جتنابھی کام کر چکے ہیں وہ اس تجربے کی وجہ سے ہے۔

XS
SM
MD
LG