رسائی کے لنکس

2060ء میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں کے برابر ہوگی: رپورٹ


انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کی استقلال مسجد میں مسلمان نماز کے لیے جمع ہیں (فائل)

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح برقرار رہی تو 2060ء میں دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تین ارب تک جا پہنچے گی

امریکہ کے ایک معروف تحقیقی ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ 2060ء تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں کے برابر ہوجائے گی۔

'پیو ریسرچ سروے' کی جانب سے بدھ کو جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں میں شرحِ پیدائش دیگر مذاہب کے ماننے والوں سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے ان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح برقرار رہی تو 2060ء میں دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تین ارب تک جا پہنچے گی جو کل آبادی کا 31 فی صد ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق 2060ء میں دنیا میں مسیحیوں کی تعداد تین ارب 10 کروڑ کے لگ بھگ ہوگی اور کل آبادی میں ان کا تناسب 32 فی صد ہوگا۔

دوسال قبل 'پیو ریسرچ سینٹر' نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے اور امکان ہے کہ رواں صدی کے اختتام تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں سے بڑھ جائے گی۔

'پیو' کے محققین اور ماہرین نے یہ رپورٹ دنیا کے مختلف ملکوں میں ہونے والی مردم شماری، جائزوں اور پیدائش اور اموات کے ریکارڈ کے ڈھائی ہزار سے زائد نمونوں کی مدد سے مرتب کی تھی۔

'پیو' کی 2015ء میں سامنے آنے والی اس رپورٹ کے مطابق دنیا کی کل آبادی چھ ارب 90 کروڑ ہے جس میں عیسائیت کے ماننے والوں کی تعداد سب سے زیادہ (دو ارب 20 کروڑ یعنی دنیا کی کل آبادی کا 31 فی صد) ہے ۔

رپورٹ کے مطابق مسلمان دنیا میں تعداد کے اعتبار سے دوسرے نمبر (ایک ارب 60 کروڑ یعنی دنیا کی کل آبادی کا 23 فی صد) ہیں۔

بدھ کو جاری کی جانے والی تازہ رپورٹ کے مطابق 2060ء تک دنیا کے دوسرے بڑے مذاہب کے ماننے والوں خصوصاً ہندو وں اور یہودیوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا لیکن یہ اضافہ دنیا کی کل آبادی میں ہونے والے مجموعی اضافے کے تناسب سے ہوگا جس کے باعث ان مذاہب کے ماننے والوں کی شرح پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2060ء میں کسی بھی مذہب کو نہ ماننے والوں یعنی دہریوں کی تعداد میں کمی آئے گی جس کی بنیادی وجہ ان میں شرحِ پیدائش کم ہونا ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG