رسائی کے لنکس

برہان وانی کی برسی، پاکستانی کشمیر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں


ریلی کے شرکا نے برہان وانی کی تصویریں اور کالعدم حزب المجاہدین کے پرچم اٹھا رکھے تھے

بھارتی کشمیر میں مارے جانے والے نوجوان عسکریت پسند برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے موقعے پر ہفتے کے روز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔


پاکستانی کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں بھارتی کشمیر میں فوج کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ایک درجن سے زائد عسکری تنظیموں کے اتحاد، 'متحدہ جہاد کونسل' کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں متحدہ جہاد کونسل کی رُکن تنظیموں کے سربراہان اور نمائندوں کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین نے کی۔


ریلی کے شرکا نے برہان وانی کی تصویریں اور کالعدم حزب المجاہدین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔


ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، سید صلاح الدین نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ''وہ
کشمیریوں کو ٹھوس عسکری مدد فراہم کرے''۔

بقول اُن کے، ''اگر بھارت کشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرے اور پاکستان اور کشمیر کی آزادی پسند قیادت، جو بنیادی فریق ہیں، ان کی فریقانہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کرے، تو کشمیری قیادت اُسکا خیر مقدم کریگی''۔


ریلی سے کالعدم جماعت الدعوہ کے راہنما، عبدالرحمٰن مکی نے بھی خطاب کیا۔
خیال رہے کہ برہان مظفر وانی کالعدم حزب المجاہدین کے نوجوان عسکریت پسند راہنما تھے، جنہیں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت مخالف کارروایوں کو منظم کیا، وہ گزشتہ برس بھارتی فوج کے ساتھ ایک مبینہ جھڑپ میں مارے گئے تھے، جس کے بھارتی کشمیر میں بھارت مخالف احتجاج کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا۔

XS
SM
MD
LG