رسائی کے لنکس

بالی ووڈ کے انداز میں ڈھلا ’نامعلوم افراد 2‘ کا ٹیزر ریلیز


گانے کو بالکل اسی انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے جس طرح کے ٹیزر عموماً بھارتی فلموں کے ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کچھ لوگوں کے لئے یہ ٹیزر ’قابل اعتراض‘ بھی ہو، مگر اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

پاکستان میں جب سے سنیما کی بحالی کا کام شروع ہوا ہے تب سے نت نئے اور جدید تجربات کئے جا رہے ہیں۔ تاہم، ان تجربات میں ابھی پڑوسی ملک کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔ ان تجربات میں نئی فلمیں ہوں یا گانوں کو مخصوص انداز میں پکچرائز کرنے کا انداز یا پھر ٹریلر یا ٹیزر۔

ایسا ہی ایک ٹیزر رواں ہفتے ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ ٹیزر ہے فلم ’نامعلوم افراد ٹو‘ کا، جس کا دورانیہ بہت چھوٹا ہے اور یہ ایک گانے کے بالکل ابتدائی کلمات اور میوزک پر مشتمل ہے۔

فضا علی مرزا اور عروہ حسین
فضا علی مرزا اور عروہ حسین

گانے کو ’کیف و سرور‘ کا نام دیا گیا ہے۔ لہذا، اندازہ لگانا آسان نہیں کہ یہ آئٹم سانگ ہے۔

سن 2014 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’نامعلوم افراد‘ میں بھی مہوش حیات پر ایک آئٹم سانگ ’بلی‘ پکچرائز کیا گیا تھا۔ اب اس کے سیکوئل میں موجود آئٹم سانگ کو ٹیزر کی شکل میں پروموشن کی غرض سے پیش کیا گیا ہے۔

صدف کنول
صدف کنول

’کیف و سرور‘ ٹی وی آرٹسٹ اور ماڈل صدف کنول پر پکچرائز کیا گیا ہے۔ صدف پاکستانی ڈرامے دیکھنے والوں کے لئے نیا چہرہ ہرگز نہیں۔

گانے کو بالکل اسی انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے جس طرح کے ٹیزر عموماً بھارتی فلموں کے ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کچھ لوگوں کے لئے یہ ٹیزر ’قابل اعتراض‘ بھی ہو، مگر اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

’نامعلوم افراد ٹو ‘ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا ہیں۔ اسی جوڑی نے 2014 میں ’نامعلوم افراد‘ کا پہلا سیکوئل تیار کیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ، محسن عباس حیدر اور عروہ حسین شامل ہیں۔

ٹی وی کا معروف چہرہ مرینہ خان بھی کاسٹ کا اہم حصہ ہے۔ مرینہ کی یہ پہلی فلم ہے۔

نیا سیکوئل عید الضحیٰ کے موقع پر، یعنی ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا، جبکہ پہلا حصہ بھی اسی موقع پر تین سال پہلے ریلیز کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG