رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکانِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریکِ انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ اور اس ضمن میں ایک سمری الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک ہفتے کے دوران تحریکِ انصاف کے 110 سے زائد ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔ منگل کو اسپیکر نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا استعفیٰ بھی منظور کیا ۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف مجموعی طور پر اب تک پی ٹی آئی 123 ارکان کے استعفے منظور کر چکے ہیں جن میں سے الیکشن کمیشن نے 81 ارکان کو ڈی نوٹیفائی بھی کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے استعفوں کی حالیہ منظوری ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پی ٹی آئی نے اسمبلی میں واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تحریکِ انصاف نے استعفوں کی منظوری پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ راجا ریاض کو بچانے کے لیے اسپیکر کے اقدامات کے نتیجے میں اس وقت 40 فی صد نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق ملک انتخابات کے مزید قریب آ گیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے رکن عامر ڈوگر کی قیادت میں ایک وفد استعفوں کی واپسی کے لیے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا تھا لیکن انہیں پارلیمنٹ کے اندر داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔

عامر ڈوگر کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 43 ارکان نے استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو ای میل کر دی ہے اور حکام کو بذریعہ واٹس ایپ پیغام آگاہ بھی کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG