رسائی کے لنکس

معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام: فرح خان کے خلاف نیب کی تحقیقات کا آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق خاتونِ اول بشریٰ عمران کی سہیلی فرح خان کے خلاف معلوم ذرائع آمدن سےزائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

جمعرات کو نیب کے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ فرح خان کے بینک اکاؤنٹس میں گزشتہ تین برس کے دوران 80 کروڑ روپے سے زائد کی رقوم نامعلوم ذرائع سے منتقل ہوئیں جو فوری طور پر نکلوا لی گئیں۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ فرحت شہزادی عرف فرح خان کے خلاف منی لانڈرنگ اور مختلف کاروبار کرنے کے نام پر متعدد بینک اکاؤنٹس رکھنے کے الزامات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

نیب کا کہنا ہے کہ فرح خان کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ تین برس کے دوران فرح خان کے اثاثوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ اس دوران وہ کئی بار امریکہ اور برطانیہ کا سفر بھی کرتی رہیں۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح خان کا نام گزشتہ کئی روز سے پاکستان کی سیاست میں سامنے آ رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور دیگر جماعتیں یہ الزام عائد کرتی رہی ہیں کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دور میں کرپشن عروج پر تھی جس کی بڑی مثال فرح خان ہیں۔

تحریکِ انصاف کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان نے بھی ایک پریس کانفرنس میں فرح خان پربدعنوانی کے الزامات عائد کیے تھے۔

عبدالعلیم خان نے الزام لگایا تھا کہ پنجاب میں فرح خان، وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کے ذریعے تقرریوں اور تبادلوں سے کروڑوں روپے وصول کرتی رہی ہیں اور یہ سب کچھ عمران خان کی ناک کے نیچے ہوتا رہا۔

البتہ فرح خان نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں صرف اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیوں کہ وہ بشریٰ بی بی کی دوست ہیں۔

اُن کا یہ مؤقف رہا ہے کہ اگر اُن کے خلاف کسی کے پاس بھی کرپشن کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے جائیں۔

فرح خان رواں ماہ کے آغاز پر دبئی روانہ ہو گئی تھیں جب کہ اُن کے شوہر احسن جمیل گجر 31 مارچ کو امریکہ چلے گئے تھے۔

وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی فرح خان اور اپنے اُوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

فرح خان کون ہیں؟

عمران خان کی اہلیہ بشرٰی بی بی کی قریبی دوست فرح خان کا اصل نام فرحت شہزادی ہے جو گوگی خان کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ کے بقول فرح خان احسن جمیل گجر کی دوسری اہلیہ ہیں جن کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ احسن جمیل گجر ، گوجرانوالہ سے مسلم لیگ (ن) کے رُکن پنجاب اسمبلی چوہدری اقبال گجر کے صاحبزادے ہیں۔

چند روز قبل صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری اقبال گجر نے کہا تھا کہ اُن کے بیٹے نے فرح سے شادی اپنی مرضی سے کی تھی، لہذٰا اُنہوں نے کبھی بھی فرح خان کو اپنی بہو تسلیم نہیں کیا۔

فرح خان رواں ماہ کے آغاز پر دبئی روانہ ہو گئی تھیں۔
فرح خان رواں ماہ کے آغاز پر دبئی روانہ ہو گئی تھیں۔

سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ فرح خان کو عثمان بزدار کا بھی حمایتی سمجھا جاتا تھا۔

فرح خان سے متعلق عبدالعلیم خان کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں سہیل وڑائچ نے کہا کہ یہ الزامات تو بڑی دیر سے لگ رہے تھے جن میں کہا جاتا تھا کہ افسروں کی تعیناتی اور تبدیلیوں کا حکم وہاں سے آتا ہے اور وہاں پیسوں کا لین دین بھی ہوتا ہے۔

سہہیل وڑائچ کے مطابق پنجاب میں جب پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت بنی، فرح خان صاحبہ شروع سے وزیراعلٰی سیکریٹریٹ پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں۔

سہیل وڑائچ نے دعویٰ کیا کہ عثمان بزدار کو وزیرِاعلٰی پنجاب بنوانے سے لے کر آخری وقت تک وہ اُن کی حمایت میں سرگرم رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG