رسائی کے لنکس

رافیل نڈال نے 12 واں فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا


رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹرافی جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ
رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹرافی جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ

سپین کے معروف ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال نے آسٹریا کے 25 سالہ ڈومینکن تھیم کو چار سیٹس میں شکست دے کر 12 واں فرنچ اوپن ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فرنچ اوپن کا فائنل گذشتہ سال کے 11 ویں فرنچ اوپن کا ’ری پلے‘ ثابت ہوا۔ گزشتہ برس بھی فائنل میں نڈال نے تھیم کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔

آج کھیلے جانے والے فائنل میں نڈال نے تھیم کو 6-3, 5-7, 6-1 اور 6-1 سے شکست دی۔

اس فتح کے ساتھ نڈال 12 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے والے ٹینس کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ رافیل نڈال مجموعی طور پر 18 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے ہیں اور یوں وہ ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی راجر فیڈرر سے صرف دو ٹائٹل پیچھے رہ گئے ہیں۔ روجر فیڈرر اور جوکووچ اس مرتبہ اپنے سیمی فائنل مقابلوں میں شکست کھا کر ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ سیمی فائنل میں راجر فیڈرر کو رافیل نڈال نے اور نوویک جوکووچ کو ڈومینکن تھیم نے شکست دی تھی۔

آج اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل میں نڈال اور تھیم دونوں نے زوردار شاٹس اور لمبی ریلیوں کے ساتھ ایک ایک سیٹ اپنے نام کیا۔ تاہم نڈال اگلے دونوں سیٹس میں مکمل طور پر اپنے حریف پر حاوی دکھائی دئے اور یوں انہوں نے یہ فائنل ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے جیت لیا۔

ٹائٹل جیتنے کے بعد رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ یہ جیت ان کیلئے ایک خواب کی طرح ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے حریف ڈومینکن تھیم کے کھیل کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈومینکن کو بہترین کھیل پر مبارکباد دیتے ہیں اور انہیں افسوس ہے کہ وہ جیت کے حقدار ہونے کے باوجود یہ فائنل جیت نہیں پائے۔

25 سالہ ڈومینکن تھیم کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سال فرنچ اوپن جیتنے کی دوبارہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نڈال ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں کیونکہ 12 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔

33 سالہ رافیل نڈال عالمی رینکنگ میں نمبر دو کھلاڑی ہیں۔ وہ اپنے کیرئر میں کل 93 میچ جیت چکے ہیں اور صرف دو میں انہیں شکست ہوئی ہے۔

اس سے قبل خواتین کے فرنچ اوپن فائنل میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے جمہوریہ چیک کی مارکیٹا وانڈروسووا کو 6-1, 6-3 سے شکست دی تھی۔ یہ بیٹی کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔

XS
SM
MD
LG