رسائی کے لنکس

ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں: نفیس ذکریا


 وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا
وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ قریبی اتحادی ہیں اور دونوں ہی ملک مسلسل ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں اور باہمی مفاد کے علاوہ ایسے اُمور پر جن پر موقف الگ الگ ہے اُن پر بات چیت کرتے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اُن کا امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعلقات اور مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ جہاں تک امریکہ میں نئی انتظامیہ کا تعلق ہے ہم اس کے ساتھ مل کر قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ قریبی اتحادی ہیں اور دونوں ہی ملک مسلسل ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں اور باہمی مفاد کے علاوہ ایسے اُمور پر بھی بات چیت کرتے ہیں جن پر موقف الگ الگ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ خطے کی سلامتی، خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون انتہائی اہم ہے۔

پاکستان کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ وہ امریکہ سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط دوطرفہ تعلقات کا تسلسل باہمی مفادات کی بنیاد پر جاری رہنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان کی سیاسی قیادت نے نا صرف منتخب امریکی صدر کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے بلکہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلی فون پر بھی رابطہ ہو چکا ہے۔

پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کا دہشت گردی کے خلاف قریبی تعاون رہا ہے اور بعض معاملات پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان اختلاف رائے بھی ہے لیکن حکام کے بقول اس بارے میں بات چیت اور روابط کا طریقہ کار موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG