رسائی کے لنکس

ناسا کے تین خلائی جہازوں کی نمائش


ناسا کچھ عرصے سے ملک کے مختلف حصوں میں اپنی تین خلائی گاڑیوں، اٹلانٹس، ڈسکوری، اور اینڈیور کی نمائشوں کے منصوبے پر عمل کررہاہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کی ریٹائر کردی جانے والی خلائی گاڑی اینڈیورکو اپنے آبائی مقام فلوریڈا سے ایک نئے مشن کے پہلے مرحلے میں تین روزہ دورے پرمغربی ساحلی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

خلائی گاڑی اینڈیور کو ایک 747جیٹ طیارے کی پشت پر سوار کرانے کے بعد اسے روانہ کردیا گیا۔ اس سفر کا پہلا مرحلہ ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن پہنچ کر ختم ہوجائے گا۔

خلائی شٹل جمعے کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس پہنچے گی اور اس کا قیام وہاں کے ایئر پورٹ پر رہے گا۔ پھر 12 اکتوبر کو اسے پہلی بار شہر کی سڑکوں پر سے گذارجائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کا نظارہ کرسکیں۔

شٹل کو سڑک کے راستے ہوائی اڈے سے لاس اینجلس کے سائنس سینٹر تک لے جایا جائے گا۔ چونکہ اینڈیور کی اونچائی پانچ منزلہ عمارت کے برابر ہے اور چوڑائی 24 فٹ ہے، چنانچہ سڑک پر اس کے 19 کلومیٹر سفر کے لیے راستے میں رکاوٹ بننے والے تقریباً 400 درخت کاٹے جارہے ہیں۔

ناسا کچھ عرصے سے ملک بھر میں اپنی تین خلائی گاڑیوں کی نمائشوں کے منصوبے پر عمل کررہاہے۔

فلوریڈا میں واقع کنیڈی سپیس سینٹر میں خلائی شٹل اٹلانٹس کو رکھا جائے گا ، جب کہ ڈسکوری کی نمائش دارالحکومت واشنگٹن میں سائنس سے متعلق عجائب گھر کے باہر لگائی جائے گی۔
جب کہ خلائی شٹل انٹرپرائر کے ایک ماڈل کی، جسے کبھی بھی خلا میں بھیجا نہیں گیا، ان دنوں نیویارک میں نمائش جاری ہے۔
XS
SM
MD
LG